ٹرمپ نظریاتی نہیں ، عملی شخص ہیں،وائٹ ہاؤس آنے کے بعد ان کا حقائق سے واسطہ پڑے گا،براک اوباما

منگل 15 نومبر 2016 12:45

ٹرمپ نظریاتی نہیں ، عملی شخص ہیں،وائٹ ہاؤس آنے کے بعد ان کا حقائق سے ..
واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء) امریکی صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نظریاتی نہیں بلکہ عملی شخص ہیں۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق صدارتی انتخابات کے بعد وائٹ ہاؤس میں پہلی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے براک اوباما نے کہا کہ انتخابی مہم میں کی گئی باتیں اور حکمرانی دو مختلف چیزیں ہیں تاہم ووٹروں نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے اور ٹرمپ اگلے صدر ہوں گے۔

(جاری ہے)

براک اوباما نے کہا کہ ضروری نہیں کہ اچھے ساؤنڈ بائٹس بہتر پالیسی کے غماز ہوں۔ اٴْنھوں نے کہا کہ وائٹ ہاؤس آنے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کا حقائق سے واسطہ پڑے گا۔ براک اوباما نے کہا کہ ٹرمپ نظریاتی نہیں بلکہ عملی شخص ہیں، جو ان کے لیے بہتر ہے جب تک انہیں بہتر لوگوں کا ساتھ حاصل رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب 2009 میں اقتدار سنبھالاتو ملک کساد بازاری کے بدترین دہانے پر تھا اور وہ ملک کو بہتر حالت میں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کے پاس وقت ہوگا کہ وہ دانشمندانہ فیصلے کرسکیں، جبکہ ٹرمپ کو اپنے مزاج کے کچھ پہلوؤں کو تبدیل کرنا ہوگا۔