Live Updates

تحریک انصاف کا ترک صدر کے پاکستانی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے بائیکاٹ کے فیصلے پرنظرثانی کا فیصلہ-عمران خان نے آج پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 15 نومبر 2016 12:56

تحریک انصاف کا ترک صدر کے پاکستانی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب ..

ا سلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15 نومبر۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کی جانب سے ترک صدر طیب اردگان کے پاکستانی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے بائیکاٹ کے فیصلے پر پی ٹی آئی کے کئی ارکان اور دیگر جماعتوں کی جانب سے کڑی تنقید کے بعد عمران خان نے اس فیصلے پر نظرثانی کا فیصلہ کرلیا۔نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ترک سفیر صادق بابر گرگن کی درخواست کے بعد ان کی جماعت نے فیصلے پرنظرثانی کا فیصلہ کیا۔

شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ ان کی سربراہی میں پارٹی کے 3 رکنی وفد نے ترک سفیر سے ملاقات کی تاکہ انہیں ترک صدر کے پارلیمنٹ سے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے بائیکاٹ سے متعلق پی ٹی آئی کے فیصلے کے پس منظر سے آگاہ کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شفقت محمود اور منزہ حسن بھی اس وفد کا حصہ تھے۔شاہ محمود قریشی کے مطابق انہوں نے ترک سفیر کو آگاہ کیا کہ ان کی جماعت کے لیے ترک صدر بہت محترم ہیں اور اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ چند اندرونی معاملات کی وجہ سے کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے ترک سفیر کو بتایا کہ تحریک انصاف ترکی کو پاکستان کا ’مخلص دوست‘ اور برادراسلامی ملک سمجھتی ہے اور ترک صدر کے لیے بہت تعظیم رکھتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ وفد نے ترک سفیر کو پاناما لیکس کے معاملے، جس پر چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں سپریم کورٹ بنچ کی سماعت جاری ہے، پر پارٹی کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ترک سفیر نے بتایا کہ وہ ملک میں جاری سیاسی صورتحال سے پوری طرح آگاہ ہیں کیونکہ وہ اخبارات کا مطالعہ کرتے ہیں۔شاہ محمود قریشی کے مطابق ترک سفیر نے ان سے درخواست کی کہ وہ دونوں ممالک کے مشترکہ مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے پر نظرثانی کریں۔جس پر انہوں نے عمران خان کو وفد اور ترک سفیر کی ملاقات اور بات چیت سے آگاہ کردیا جس کے بعد چیئرمین تحریک انصاف نے فیصلے پر نظرثانی کے لیے رضامندی ظاہر کی۔شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ عمران خان نے آج پارٹی کے پارلیمانی گروپ کا اجلاس طلب کیا ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات