موہن بھاگوت یا کسی اور کے کہنے سے تاریخ ہرگز تبدیل نہیں ہو سکتی ،انجینئر عبدالرشید

کشمیری دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوں گے ،ہندوستانی سمجھ لیں جموںو کشمیر میں رائے شماری کا مطالبہ ہر گز علیحد گی پسندی نہیں ، بیان

منگل 15 نومبر 2016 14:39

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2016ء)مقبوضہ کشمیرمیں نام نہاد اسمبلی کے رکن اور عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر عبدالرشید نے آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کی طرف سے جموں و کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ قررار دینے کومضحکہ خیزقرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موہن بھاگوت یا کسی کے کہنے سے تاریخ ہر گز نہیں بدل سکتی۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انجینئر رشید نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بھاگوت کی جموں میںتقریر سے ثابت ہوتا ہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا دو قومی نظریہ اصولوں پر مبنی تھا ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری لیڈروں کو دھمکیاں دینے سے کشمیری ہرگز مرعوب نہیں ہونگے اور ہر ہندوستانی کو یہ بات سمجھنی ہوگی کہ جموںو کشمیر میں رائے شماری کا مطالبہ کرنا ہر گز علیحد گی پسندی نہیں اور اگر ہندوستانیوں کی نظروں میں ایسا ہی ہے تو ہر کشمیری علیحد گی پسند ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ہندوانتہا پسند تنظیم راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ (آر ایس ایس)کے سربراہ موہن بھاگوت نے جموں میں آر ایس ایس کے رضاکاروں (سوئم سیوکوں)اور نام نہاد اسمبلی کے اراکین اور وزراء سمیت بی جے پی کے لیڈروں سے خطاب کرتے ہوئے کہاتھا کہ ہندوستان ایک ’ہندو راشٹر‘ ہے اور اس میں علیحدگی پسندی کیلئے کوئی جگہ نہیں اور جموںوکشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے ۔