پانامہ پیپرز کا معاملہ سپریم کورٹ میں ہے جو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا چاہتی ہے ،ْمحمد زبیر

منگل 15 نومبر 2016 14:44

پانامہ پیپرز کا معاملہ سپریم کورٹ میں ہے جو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2016ء) وزیر مملکت برائے نجکاری محمد زبیر نے کہا ہے کہ پانامہ پیپرز کا معاملہ سپریم کورٹ میں ہے جو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا چاہتی ہے ،ْتمام جماعتوں کو عدالتوں پر اعتماد کر نا چاہیے ۔ ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو عدالتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرنا چاہیے اور عدالت عظمیٰ اس کیس کے حوالے سے جو بھی فیصلہ کرے اسے سب کو تسلیم کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اب جب ترک صدر پاکستان آ رہے ہیں تو ایسے میں تحریک انصاف کو اپنے تمام اختلافات کو پس پشت ڈالتے ہوئے اتحادکا مظاہرہ کرنا چاہیے اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شریک ہونا چاہیے، وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف چور دروازے سے اقتدار کا حصول چاہتی ہے تاہم اسے قومی مفادات کی تو فکر ہونی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی عادت ہے وہ عدلیہ سمیت کسی بھی ادارے کو نہیں مانتی اور ماضی میں بھی ایپیکس کورٹس اور جوڈیشل کمیشن کے انتخابی دھاندلی کے فیصلوں کو بھی ٹھکرا چکی ہے، پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے اپنی آف شور کمپنی کا خود اعتراف کیا تاہم اسے کئی سال تک چھپائے رکھا۔

محمد زبیر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو چاہیے کہ وہ منفی سیاست ترک کر کے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی میں حکومت کا ساتھ دے۔