محکمہ صحت کے کرپٹ اور نااہل اعلیٰ حکام کی ڈرگ مافیا سے ساز باز ‘ ڈی ایچ کیو میرپور میں مریضوں کو لوٹنے کیلئے سرکاری ہسپتال کی بلڈنگ میں ہی پرائیویٹ میڈیکل سٹورکھولنے کا ناپاک منصوبہ تیار کر لیا گیا

منگل 15 نومبر 2016 14:45

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 نومبر2016ء)محکمہ صحت کے کرپٹ اور نااہل اعلیٰ حکام کی ڈرگ مافیا (ادویات ساز) مافیا سے ساز باز ، ڈی ایچ کیو میرپور میں مریضوں کو لوٹنے کیلئے سرکاری ہسپتال کی بلڈنگ میں ہی پرائیویٹ میڈیکل سٹورکھولنے کا ناپاک منصوبہ تیار کر لیا گیا، ڈی ایچ کیو میرپور میں ماضی میں مریضوں کو چیک اپ ، ایکسرے اور ادویات کی سہولت ملتی تھی ۔

اب حکومت کی طرف سے مریضوں کو عام انجکشن اور ڈسپرین کی گولی تک نہیں ملتی ۔ اب محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام نے مال بنائو پالیسی کیلئے پرائیویٹ میڈیکل سٹور کھولنے کی سازش ترتیب دے دی ۔ مریضوں کو پہلے ہی ہسپتال میں کسی قسم کی سہولت حاصل نہیں۔ سرکاری ڈاکٹروں نے پرائیویٹ کلینک اور اپنے پرائیویٹ ہسپتال بنائے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

ایکسرے بھی پرائیویٹ لیب سے مریضوں کو کروانے پڑتے ہیں۔

اب سرکاری ہسپتال کے اندر ہی پرائیویٹ میڈیکل سٹور قائم کرنے کا منصوبہ اہلیان میرپور کے ساتھ ظلم سے کم نہیں ہے ۔ ماضی میں بھی محکمہ صحت کے مافیا اور ادویات ساز مافیا نے اس طرح کا گھنائونا منصوبہ تیار کیا تھا۔ مگر اعلیٰ عدالتوں کے نوٹس کی وجہ سے ادویات ساز مافیا کے ناپاک عزائم خاک میں مل گئے تھے لیکن اب دوبارہ سرکاری ہسپتال کے اندر پرائیویٹ میڈیکل سٹور کھولنے کی سازش سے سیاسی سماجی اور کاروباری حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اگر محکمہ صحت کے حکام نے اس قسم کے ناپاک منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کی تو بڑی سطح پر تجارتی اور کاروباری حلقوں کی طرف سے احتجاج کے خطرات منڈلارہے ہیں ۔

پاکستان اور آزادکشمیر بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں اس سے قبل کوئی ایسی مثال نہیں کہ سرکاری ہسپتال میںپرائیویٹ میڈیکل ہسپتال بنا گیا ہو ۔ حکومت آزادکشمیر اور چیف سیکرٹری ، محکمہ صحت کی بگڑتی ہوئی اور تباہی کی طرف لے جانے والی پالیسیوں کی روک تھام کیلئے مناسب اقدامات اٹھائیں ۔