چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری‘آصفہ بھٹو اور مولا بخش چانڈیو کی جہانگیر بدر مرحوم کے گھر آمد، اہلخانہ سے اظہار تعزیت

مرحوم کی پارٹی کیلئے گراں قدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ذوالفقار علی بھٹو شہید اور میری والدہ بینظیر بھٹو شہید کے ساتھ مل کر جمہوریت اور پارٹی کیلئے بڑی جدوجہد کی، ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلاء کبھی پورا نہیں ہو سکتا،بلاول بھٹو تمام پارٹی کارکنان کو جہانگیر بدر کے بچھڑ نے کا بہت دکھ ہے‘ہم پی ٹی آئی کے کسی ڈرامے اور احتجاج میں ان کا حصہ نہیں بنے‘سمجھ سے بالاتر ہے کہ پی ٹی آئی نے اسلام آباد میں یوم تشکر کس بات کا منایا ،مولا بخش چانڈیو کی میڈیا سے گفتگو

منگل 15 نومبر 2016 15:22

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری‘آصفہ بھٹو اور مولا ..
لاہور۔15 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری منگل کے روز پی پی پی کے سینئر رہنما جہانگیر بدر مرحوم کے اہلخانہ سے تعزیت کیلئے ان کے گھر پہنچے۔ اس موقع پر آصفہ بھٹو زرداری اور مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ بلاول بھٹو زرداری نے جہانگیر بدر مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعائے مغفرت کی۔

بلاول بھٹو زرداری نے جہانگیر بدر کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی پارٹی کیلئے گراں خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ مرحوم نے میرے نانا ذوالفقار علی بھٹو شہید اور میری والدہ بینظیر بھٹو شہید کے ساتھ مل کر جمہوریت اور پارٹی کیلئے بڑی جدوجہد کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کر تے ہوئے کہا کہ ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلاء کبھی پورا نہیں ہو سکتا۔

بعدازاں جہانگیر بدر مرحوم کی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ جہانگیر بدر کی وفات پر تمام کارکنان غمزدہ ہیں اور انہیں پنجاب کے لیڈر کے بچھڑ جانے کا بہت دکھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے نانا شہید کے راستے پر چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی عوام دوست اور وطن پرست پارٹی ہے جس کی جڑیں عوام کے دلوں میں ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ جس وقت پی ٹی آئی ریلی نکال رہی تھی اور دھرنے دے رہی تھی اس وقت کچھ لوگ کہہ رہے تھے کہ پی پی پی کہاں ہے مگر ہم کسی بھی ڈرامہ یا احتجاج کا حصہ نہیں بنے، رائیونڈ جانے کی باتیں ہو رہی تھیں اور کہا جا رہا تھا کہ رائیونڈ کو اکھاڑ دیا جائے گا مگر آج رائیونڈ بھی وہاں موجود ہے اور اسلام آباد کا ڈرامہ بھی بند ہو گیا ہے جبکہ اسلام آباد کو بند کرنیوالی تمام باتیں بھی ختم ہو گئی ہیں۔

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ سمجھ سے بالاتر ہے کہ پی ٹی آئی نے اسلام آباد میں یوم تشکر کس بات کا منایا ۔ لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزی کے سوال پر مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ بھارت کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھایا ہے مگر بھارت نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہمارے جوانوں کو شہید کیا،بھارت نے کبھی بھی پاکستان کی طرف دوستی کا ہاتھ نہیں بڑھایا۔