پاناما لیکس کا شور مچانے والے خود آف شور کمپنی کے مالک ہیں،پاکستانی عوام نے دھرنا پارٹی کی کال مسترد کرکے مسلم لیگ(ن) کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہارکیا ہے ،نزہت صادق

منگل 15 نومبر 2016 16:12

پاناما لیکس کا شور مچانے والے خود آف شور کمپنی کے مالک ہیں،پاکستانی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ کی سینیٹر و چیف آرگنائزر شعبہ خواتین بیگم نزہت صادق نے کہا ہے کہ پاناما لیکس کیس میں وزیراعظم نواز شریف سرخرو ہوں گے، عدالت میرٹ اور حقائق کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کرے گی، پاناما لیکس کا شور مچانے والے تو خود آف شور کمپنی کے مالک ہیں، عدالت عظمیٰ سے وزیراعظم اور ان کے خاندان کو مکمل انصاف ملے گا۔

منگل کو جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی قیادت گذشتہ ساڑھے تین سالوں سے ملکی تعمیر وترقی میں رکاوٹ پیدا کر رہی ہے اور متعدد منصوبہ جات بھی تاخیر کا شکار ہوئے، پاکستانی عوام نے دھرنا پارٹی کا اصل چہرہ دیکھ لیا ہے، عوام نے دھرنا پارٹی کی کال کومسترد کرکے پاکستان مسلم لیگ(ن) کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہارکیا ہے۔

(جاری ہے)

بیگم نزہت صادق نے مزید نے کہاکہ اقتصادی راہداری کو ناکام بنانے کی سازشیں کی جارہی ہیں، یہ حکومت کا نہیں ملک کا منصوبہ ہے اسے سیاست کی بھینٹ نہیں چڑھانا چاہئے۔ مسلم لیگی رہنما نے کہاکہ عوام عمران خان کے عزائم جان چکے ہیں، پی ٹی آئی والے بتائیں وہ کس کاایجنڈا لے کر چل رہے ہیں، تحریک انصاف کا رویہ سب کے سامنے ہے، عوام نے ملک کے استحکام کیلئے وزیراعظم نوازشریف کا ساتھ دینے کا تہیہ کرلیا ہے، عمران خان کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی اور کارکردگی کی بنیاد پر 2018ء میں ایک بار پھر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔