پاکستان سائنس فائونڈیشن کے زیر اہتمام عالمی یوم سائنس کے حوالہ سے پاکستان میوزیم آف نیچرل ہسٹری میں تقریب

ڈاکٹر اشفاق احمد، یونیسکو پاکستان کی ڈائریکٹر،برٹش کونسل کے ڈپٹی ڈائریکٹر سمیت اہم شخصیات کی شرکت

منگل 15 نومبر 2016 16:21

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء) سائنس کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور اس کے پرامن استعمال کے عزم کیلئے پاکستان سائنس فائونڈیشن نے عالمی یوم سائنس 2016ء کو منانے کیلئے پاکستان میوزیم آف نیچرل ہسٹری میں مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا۔ عالمی یوم سائنس 2016ء کی یہ تقریب پاکستان سائنس فائونڈیشن نے یونیسکو پاکستان اور وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے تعاون سے منعقد کی۔

وفاقی سیکرٹری برائے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی فضل عباس میکن اس موقع پر مہمان خصوصی تھے جبکہ مشہور سائنسدان ڈاکٹر اشفاق احمد، یونیسکو پاکستان کی ڈائریکٹر وائبیکی جینسن، پاکستان سائنس فائونڈیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف اور برٹش کونسل کے ڈپٹی ڈائریکٹرمسٹر جم بوتھ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

تقریب میں تعلیمی اور سائنسی تحقیقی اداروں کے سینئر سائنسدانوں اور طلباء و طالبات نے شرکت کی۔

اس سال عالمی دن برائے سائنس 2016ء کا موضوع میوزیمز اور سائنس سنٹرز بطور غیر رسمی تعلیم کے اہم مراکز تھا۔ اسی لئے یہ تقریب پاکستان میوزیم آف نیچرل ہسٹری میں منعقد کی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری برائے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی فضل عباس میکن نے کہا کہ اس وقت دنیا کو پائیدار ترقی حاصل کرنے کیلئے اقتصادی، سماجی اور ماحولیاتی چیلنج درپیش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ان مسائل کے حل کیلئے بین الاقوامی ادارون کا باہمی تعاون درکار ہے اور اس سلسلہ میں یونیسکو اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سائنس کا مناسب استعمال پائیدار ترقی کا واحد راستہ ہے ۔ وفاقی سیکرٹری نے میوزیمز اور سائنس سنٹرزکی بطور غیر رسمی تعلیم کے اہم مراکزکی اہمیت کو بھی اجاگر کیا اور ان اداروں کو غیر رسمی تعلیم کے فروغ کے لئے استعمال پر زور دیا۔

وفاقی سیکرٹری نے پاکستان سائنس فائونڈیشن اورر یونیسکو کو عالمی دن برائے سائنس کے موقع پر اس اہم تقریب کے انعقاد پر مبارکباد دی۔ یونیسکوپاکستان کی ڈائریکٹر وائبیکی جینسن نے اپنے خطاب میں پائیدار ترقی کیلئے سائنس و ٹیکنالوجی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ میوزیمز اور سائنس سنٹر سائنسی معلومات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور لوگوں کو سائنسی کاوشوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سائنس میوزیمز خاص طور پر طلبا کو سائنسی تعلیم کی طرف راغب کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ڈاکٹر اشفاق احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عالمی دن برائے سائنس کی اہمیت اور اس کو ہر سال منانے کے سلسلے میں اپنی کاوشوں سے تقریب کے شرکاء کو آگاہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سائنس کی ترقی کے بغیر کوئی بھی ملک ترقی نہیں کر سکتا، اس لئے سائنس کی ترقی ہماری اولین ترجیح ہونی چاہئے۔

پاکستان سائنس فائونڈیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف نے اپنے خطاب میں میوزیمز اور سائنس سنٹرز بطور غیر رسمی تعلیم کے اہم مراکزپر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ میوزیمز اور سائنس سنٹرز نے غیر رسمی تعلیم کے مراکز کے طور پر خاص اہمیت حاصل کرلی ہے اور تعلیمی اداروں کو اس سے بھر پور استعفادہ کرنا چاہیئے۔ برٹش کونسل کے ڈپٹی ڈائریکٹرمسٹر جم بوتھ اور بین الاقوامی کونسل برائے میوزیمز کے پاکستان کے صدر اختر جاوید نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ آخر میں وفاقی سیکرٹری برائے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی فضل عباس میکن نے مختلف سائنسی مقابلوںمیں نمایاں پوزیشن لینے والے طلباء و طالبات میں انعامات اور اسناد تقسیم کیں۔

متعلقہ عنوان :