پہلے پاک نیوزی لینڈ ٹیسٹ کے دوران آفٹرشاکس کی پیشگوئی

منگل 15 نومبر 2016 17:25

پہلے پاک نیوزی لینڈ ٹیسٹ کے دوران آفٹرشاکس کی پیشگوئی
کرائسٹ چرچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 نومبر2016ء)پاکستان اور نیوزی لینڈکے درمیان جمعرات سے کرائسٹ چرچ میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران زلزلے کے آفٹرشاکس کی پیشگوئی کی گئی ہے مگر اس کے باوجود خوف کے سائے میں پہلے ٹیسٹ کا انعقادکیا جارہاہے۔تحفظات کے باوجود دونوں ٹیمیں کرائسٹ چرچ میں موجود ہیں جوپہلے ٹیسٹ کیلئے اپنے اپنے طورپر تیاری کررہی ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینئر بلے باز یونس خان نے اعتراف کیاہے کہ کھلاڑی کافی خوفزدہ ہیں لیکن امیدہے کہ جب وہ پہلے ٹیسٹ کیلئے میدان میں اتریں گے تو سب کچھ بھول چکے ہوں گے۔یونس خان کا کہناتھا کہ کھلاڑی سب کچھ بھول کر نیوزی لینڈ میں اپنے آنے کے مقصد کی جانب توجہ دینے کی کوشش کررہے ہیں ۔ان کا یہ بھی کہناتھا کہ زلزلہ کافی شدید تھا جو رات کے وقت آنے کے سبب مزید خوفناک ہوگیا۔واضح رہے کہ زلزلے کے سبب ویلنگٹن میں میزبان اورسینٹرل ڈسٹرکٹس کے درمیان شیڈول چارروزہ میچ بھی ایک کی تاخیر کا شکار ہوچکاہے جس سے اندازہ لگایا جاسکتاہے کہ ریکٹراسکیل پر 7.5کی شدت کے ریکارڈکئے گئے زلزلے میں نیوزی لینڈ میں معمولات زندگی کو کس قدر متاثر کیا ہے۔