خواندگی کی شرح بڑھانے کیلئے تعلیمی بجٹ میں 4 فیصد تک اضافہ کی ضرورت ہے، تعلیمی معیار بہتر کرنے کیلئے سرکاری اداروں کو پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے ساتھ مل کر پالیسی مرتب کریں ، قائدِاعظم یونیورسٹی کی چاردیواری کی تکمیل اور غیر قانونی قابضین سے یونیورسٹی کی زمین واگزار کرانے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں

صدر مملکت ممنون حسین کی وزیر مملکت وفاقی تعلیم اورپیشہ ورانہ تربیت بلیغ الرحمن سے ملاقات میں گفتگو

منگل 15 نومبر 2016 17:46

خواندگی کی شرح بڑھانے کیلئے تعلیمی بجٹ میں 4 فیصد تک اضافہ کی ضرورت ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 نومبر2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ خواندگی کی شرح کو بڑھانے کے لیے تعلیمی بجٹ میں چار فیصد تک اضافہ کی ضرورت ہے، تعلیمی معیار کو بہتر کرنے کیلئے سرکاری اداروں کو پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے ساتھ مل کر ایسی پالیسی مرتب کرنی چاہیے جس سے ملک کے تعلیمی نظام میں بہتری آئے، قائدِاعظم یونیورسٹی کی چاردیواری کی تکمیل اور غیر قانونی قابضین سے یونیورسٹی کی زمین واگزار کرانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

وہ منگل کو ایوان صدر میں وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم اورپیشہ ورانہ تربیت بلیغ الرحمنٰ سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے جس میں مخدوم عدیل الرحمٰن ، کوارڈینیٹر، وزیراعظم یوتھ پروگرام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ تعلیمی معیار کو بہتر کرنے کیلئے سرکاری اداروں کو پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے ساتھ مل کر ایسی پالیسی مرتب کرنی چاہیے جس سے ملک کے تعلیمی نظام میں بہتری آئے۔

صدر مملکت نے کہا کہ مستقبل کے حالات کے پیشِ نظر ہائر ایجوکیشن کمیشن کو ایسا لائحہ عمل مرتب کرنا ہو گا جس سے آنے والے چیلنجوں کا مقابلہ کیا جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں رضاکارانہ طور پر کام کرنے کے رحجان کو پروان چڑھانے کے ضرورت ہے تاکہ سماجی شعبے میں بہتری آئے۔ صدر مملکت نے قومی تعلیمی نصاب کی تیاری میں ذاتی دلچسپی اورقرآنی تعلیمات کو نصاب کا حصہ بنانے کیلئے مجوزہ قانون سازی پر وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے اقدامات کو سراہا۔

انھوں نے کہا کہ وزیراعظم کے یوتھ پروگرام کے تحت مستحق طلباء کیلئے ادا شدہ فیس کی واپسی موجودہ حکومت کا طرہ امتیاز ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ اس سے نہ صرف مستحق بچوں کی حوصلہ افزائی ہو گی بلکہ اس سے تعلیم کی طرف رحجان میں بھی اضافہ ہو گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ تعلیمی پروگرام کی عملداری کی لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں اوراس کے لیے اپنی بھرپور مدد کایقین دلایا۔

صدر مملکت ممنون حسین نے وزیر مملکت کو ہدایت کی کہ قائدِاعظم یونیورسٹی کی چاردیواری کی تکمیل اور غیر قانونی قابضین سے یونیورسٹی کی زمین واگزار کرانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔صدر مملکت ممنون حسین کو وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم اورپیشہ ورانہ تربیت بلیغ الرحمٰن نے تعلیمی میدان میں کیے جانے والے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :