شفافیت اور گڈگورننس کیلئے اہم اقدامات کیے ہیں، ایس ای سی پی کو مالیاتی فراڈ،منی لانڈرنگ اور دہشتگردوں کی مالی معاونت کی روک تھام کیلئے تحقیقات کا اختیار دیدیا گیا ، قومی اسمبلی کی سے منظور بے نامی قانون سے کالے دھن اور بلیک منی کی روک تھام میں مدد ملے گی ،کمپنیوں کی رجسٹریشن سے کرپشن میں کمی آئے گی ، آپریشن ضرب عضب، اصلاحات اورمتعلقہ قانون سازی سے دہشت گردی اور دہشتگردوں کی مالی معاونت کی روک تھام میں موثر ثابت ہوئے ہیں

وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا اجلاس سے خطاب

منگل 15 نومبر 2016 17:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 نومبر2016ء) وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت نے شفافیت اور گڈگورننس کے فروغ کیلئے اہم اقدامات کیے ہیں، ،کمپنیز آرڈیننس 2016کے تحت ایس ای سی پی کو مالیاتی فراڈ،منی لانڈرنگ اور دہشتگردوں کی مالی معاونت کی روک تھام کیلئے تحقیقات کا اختیار دیا گیا ہے، قومی اسمبلی کی سے پاس کیے گئے بے نامی قانون سے کالے دھن اور بلیک منی کی روک تھام میں مدد ملے گی ،کمپنیوں کی رجسٹریشن سے کرپشن میں کمی آئے گی اور آف شور سرمایہ کاری کے چینلجز سے نمٹا جاسکے گا اور گورننس میں شفافیت آئے گی، آپریشن ضرب عضب، اصلاحات اورمتعلقہ قانون سازی سے دہشت گردی اور دہشتگردوں کی مالی معاونت کی روک تھام میں موثر ثابت ہوئے ہیں۔

منگل کو وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میںاینٹی منی لانڈرنگ اور دہشتگردوں کی مالی معاونت روک تھام کے حوالے سے قوانین کا جائزہ لیاگیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایف بی آر ،وزارت خزانہ اور فنانشنل مانیٹرنگ یونٹ کے حکام نے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو دہشتگردی کی مالی معاونت کی روک تھام اور اینٹی منی لانڈرنگ کے حوالے سے مختلف قوانین اور اصلاحات کے حوالے سے وزیر خزانہ کو بریفنگ دی۔

وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہاکہ حکومت میں شفافیت اور گڈگورننس کے فروغ کیلئے اہم اقدامات کیے ہیں،کمپنیز آرڈیننس 2016حال ہی میں نافذ کیا گیا ہے،جس کے تحت ایس ای سی پی کو فراڈ،منی لانڈرنگ اور دہشتگردوں کی مالی معاونت کی روک تھام کیلئے تحقیقات کا اختیار دیا گیا ہے،حال ہی میں قومی اسمبلی کی جانب سے پاس کیے گئے بے نامی قانون سے کالے دھن اور بلیک منی کی روک تھام میں مدد ملے گی۔

گور نمنٹ نے پراپرٹی کی قیمت کے تعین کے حوالے سے بھی اقدامات کیے ہیں،پاکستان میں او ای سی ڈی کنونشن دستخط کیے ہیں۔وزیرخزانہ نے کہاکہ آپریشن ضرب عضب اصلاحات اور اس حوالے سے قوانین سازی دہشتگردی اور دہشتگردوں کی مالی معاونت کی روک تھام میں موثر ثابت ہوئی ہے۔وزیرخزانہ نے قوانین پر فوری اور موثر عملدرآمد پر زوردیاتاکہ اس حوالے سے اہداف کو حاصل کیا جاسکے۔انہوں نے اس حوالے سے قوانین میں بہتری لانے اور خامیوں کو دور کرنے پر بھی زور دیا ۔(خ م+وخ)