نوجوان نسل میں رواداری کے فروغ کے سافٹ امیج کو اجاگر کرنے میں آرٹ اور کلچر کا اہم کردار ہے،کمشنر ساہیوا ل

منگل 15 نومبر 2016 17:48

ْچیچہ وطنی۔15 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء)کمشنر ساہیوا ل بابر حیات تارڑ نے کہا ہے کہ نوجوان نسل میں رواداری کے فروغ اور معاشرے کے سافٹ امیج کو اجاگر کرنے میں آرٹ اور کلچر کا اہم کردار ہے جسے فروغ دینے کیلئے حکومت تمام ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے ۔انہوں نے یہ بات ساہیوال آرٹس کونسل کے جناح ہال میں ملک کے معروف مصوروں کی پینٹنگز کی نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر ریذیڈنٹ ڈائریکٹر عقیل اشفاق ،ڈپٹی ڈائریکٹر فائن آرٹس نعیم احسان ،ڈائریکٹر کالجز قاضی عبدالناصر ،ڈائریکٹر انفارمیشن ریاض الحق بھٹی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر آرٹس کونسل ڈاکٹرریاض ہمدانی کے علاوہ مقامی کالجز کے شعبہ فائب آرٹس کے طلباء و طالبات اور صحافیو ں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔

(جاری ہے)

نمائش پنجاب کونسل آف آرٹس کے تعاون سے منعقد کی جا رہی ہے جو 3 دن تک جاری رہے گی ۔

نمائش میں پرائڈ آف پرفارمنس حاصل کرنیوالے مصوروں خالد اقبال ، شاہ نواز زیدی ،ڈاکٹر راحت فرید،غلام مصطفیٰ ،میاں اعجاز الحسن اور شاہد جلال کے فن پارے رکھے گئے ہیں ۔کمشنر ساہیوال بابر حیات تارڑ نے کہا کہ مقامی ٹیلنٹ کے فروغ کیلئے طلباء و طالبات میں پینٹنگز اور دوسری اصناف کے مقابلے کروائے جائیں گے جن میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالوں کے فن پاروں کی نمائش بھی کی جائے گی ۔

انہوں نے آرٹس کونسل میں آرٹ کلاسز شروع کروانے کی بھی یقین دہانی کروائی تا کہ ان شعبوں میں ٹیلنٹ کو سامنے لایا جا سکے ۔انہوں نے غیر سرکاری تنظیموں اور آرٹ کے دلدادہ افراد پر زور دیا کہ وہ آرٹ اور کلچر کے فروغ میں اپنا اہم کردار ادا کریں تا کہ معاشرے کا سافٹ امیج اجاگر کیا جا سکے ۔ دریں اثناء کمشنر بابر حیات تارڑ نے ڈویژنل امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ محرم الحرام کے دوران پیغام شہادت حسینؑ جس خوبصورتی اور سچائی کے ساتھ دیا گیا وہ لائق تحسین ہے ۔

یہی وجہ ہے کہ ساہیوال ڈویژن میں عاشور ہ محرم کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا جس کیلئے ممبران امن کمیٹی اور اتحاد بین المسلمین کے فاضل احباب کا بھر پور کردار شامل ہے ۔اجلاس میں ڈی سی او پاکپتن عرفان احمد سندھو اور تینوں اضلاع کے ڈی پی او ز کے علاوہ اے ڈی سی اوکاڑہ بھی شریک ہوئے جبکہ علمائے کرام کی نمائندگی ضیا اللہ شاہ بخاری ،مولانا محمد حسن معصومی ،احسان الحق فریدی اور سید محمد زاہد کے علاوہ شیخ اعجاز احمد رضا بھی شریک ہوئے ۔