سی پیک پروجیکٹ کے حوالے سے سپنزن سے کچلاک تک جلد ریلوے ٹریک کا آغاز کرینگے ، کوئٹہ سمیت بلوچستان کے پانچ ریلوے اسٹیشن کو اپ گریڈیشن کرینگے اور کسی بھی حادثے سے بچنے کیلئے پھاٹک بنائینگے،ڈی ایس ریلوے محمد حنیف گل کی پریس کانفرنس

منگل 15 نومبر 2016 18:44

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء) ڈی ایس ریلوے محمد حنیف گل نے کہا ہے کہ سی پیک پروجیکٹ کے حوالے سے سپنزن سے کچلاک تک جلد ریلوے ٹریک کا آغاز کرینگے جبکہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے پانچ ریلوے اسٹیشن کو اپ گریڈیشن کرینگے اور کسی بھی حادثے سے بچنے کیلئے پھاٹک بنائینگے‘ محکمہ میں کرپشن اور نمک حرام لوگوں کیخلاف بھرپور کارروائی کرینگے‘ لینڈ مافیا کی جانب سے زمینوں پر جو قبضہ کیاگیا ہے وہ رضا کارانہ طور پر زمین محکمہ کے حوالے کریں ورنہ ان کیخلاف کرے ڈاؤن شروع کرینگے۔

یہ بات انہوں نے اپنے آفس میں کانفرنس ہال کے افتتاح کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایگزیکٹیو انجینئر شیخ عمران‘ڈویژن آفیسر جہانزیب اور میڈیا کوارڈینٹر کاشف بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سی پیک ایک بہت بڑا پروجیکٹ ہے جس سے ملک بھر کی طرح بلوچستان کی تقدیر بھی بدل جائیگی۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک پروجیکٹ شروع ہونے کے ساتھ ہم نے ریلوے ہیڈ آفس میں ایک انٹرنیشنل سطح پر ہال بنایا ہے تاکہ باہر سے آنے والے مہمان یہاں ہمارا ہال استعمال کریں اسی طرح ہم ایک بڑا ریسٹ ہاؤس بھی بنائینگے تاکہ مہمانوں کو فائیو سٹار ہوٹل کی بجائے یہاں ٹہرایا جائے۔

انہوں نے کہاکہ اس کے ساتھ سبی ‘ہرنائی‘آب گم ‘کوئٹہ اور چمن کے ریلو ے اسٹیشن کو بھی اپ گریڈ کررہے ہیں اور اس سلسلے میں ہمیں زمین کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسی طرح گوادر میں ڈھائی سو ایکڑ حکومت کی تعاون سے خرید لیا ہے وہاں پر بھی ریلوے اسٹیشن خوبصورت ریسٹ ہاؤس بنائینگے۔