وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدار ت اجلاس، ہیلتھ کئیر سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے اصلاحاتی پروگرام پر عملدرآمد کا جائزہ

ہیلتھ کئیر سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے اصلاحاتی پروگرام کی خود نگرانی کروں گا، سٹیئرنگ کمیٹی کا ہر ہفتے اجلاس منعقد ہوگا‘شہبازشریف معیاری طبی سہولتیں ہر شہری کا حق ، ہیلتھ کئیر سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے اصلاحاتی پروگرام پر تیزی سے عملدرآمد کرنا ہوگا طبی شعبہ باتوں سے نہیں ، کام سے بہتر ہوگا، پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کئیر سسٹم کی بہتری کیلئے قائم سٹیئرنگ کمیٹی کی خود صدارت کرونگا ہیلتھ کئیر سسٹم کی بہتری میں ترک حکومت کا تعاون قابل ستائش ہی:وزیراعلیٰ، موٹربائیکس ایمبولینس سروس کے اجراء کی منظوری

منگل 15 نومبر 2016 19:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ علاج معالجے کی معیاری سہولتیں ہر شہری کا حق ہے اور حکومت پنجاب اس مقصد کیلئے ایک جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے،ہیلتھ کئیر سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے اصلاحاتی پروگرام وضع کیا گیا ہے اور اس پروگرام پر عملدرآمد کیلئے تیزی سے آگے بڑھنا ہوگا،حکومت پنجاب ہیلتھ کئیر سسٹم میں جدت اور انفرادیت کے ذریعے اصلاحاتی پروگرام پر عملدرآمد کرتے ہوئے عوام کو جدید طبی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔

وہ صوبے میں عوام کو علاج معالجے کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے اصلاحاتی پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لے رہے تھے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر کے عوام کو جدید اور معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کیلئے اربوں روپے کا تاریخی بجٹ مختص کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کو طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے وسائل کی کمی نہیں ہے، اگر طبی شعبے سے وابستہ افراد اپنے فرائض محنت اور احساس ذمہ داری سے سرانجام دیں اور وسائل کا صحیح استعمال کریں تو مریضوں کو مزید بہتر طبی سہولتیں میسر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ طبی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے اصلاحاتی پروگرام وضع کیا جا رہا ہے اور میں خود ہیلتھ کئیر سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے اصلاحاتی پروگرام کی نگرانی کروں گا اور سٹیئرنگ کمیٹی کا ہر ہفتے باقاعدگی سے اجلاس منعقد ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اب متعلقہ اداروں کو جاگنا ہوگا اور باتوں کی بجائے ہیلتھ کئیر سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے فوری اقدامات کرنا ہوں گے اور دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے موٹر بائیکس ایمبولینس سروس کے اجراء کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ عام آدمی کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اصلاحاتی پروگرام کو آگے بڑھانا ہوگا اور اس ضمن میں ترکی کے ہیلتھ کئیر سسٹم سے بھرپور استفادہ کرکے مریضوں کو معیاری طبی سہولتیں فراہم کرنا ہوں گی۔

طبی شعبے کی بہتری کیلئے ترکی کی وزارت صحت کے ماہرین کا وفد بھی جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ برادر اسلامی ملک ترکی کا پاکستان اور پنجاب میں مختلف شعبوں کی بہتری کیلئے تعاون قابل تحسین ہے اور نرسو ںکی تربیت کے حوالے سے ترک وزارت صحت کی جانب سے تعاون خوش آئند ہے۔ ترک وزارت صحت کے ماہرین نہ صرف پنجاب میں نرسوں کو تربیت دیں گے بلکہ نرسوں کو تربیت کیلئے ترکی بھیجا جائے گا۔

اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے پنجاب حکومت کے وفد کی ترکی کے دورے کے دوران ترک وزارت صحت کے حکام سے ہیلتھ کئیر سسٹم کو بہتر بنانے کے حوالے سے تعاون کے امکانات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ پارلیمانی سیکرٹری خواجہ عمران نذیر، ایم پی اے ڈاکٹر نادیہ عزیز، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، متعلقہ محکموں کے سیکرٹری صاحبان، طبی ماہرین اور حال ہی میں ترکی کا دورہ کرنے والے وفد کے اراکین نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :