مسلم لیگ (ن)نے بلدیاتی انتخابات میں سیاسی فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی ہے ، حاجی پرویز خان

بلدیاتی انتخابات میں راولپنڈی سے خواتین ،مخصوص نشستوں پر کامیابی وزیر اعظم پاکستان پر بھرپور اعتماد کامظہر ہے 2018 ء کے انتخابات میں بھی اسی طرح کلین سویپ کریں گے، سابق رکن قومی اسمبلی کا اظہار خیال

منگل 15 نومبر 2016 19:01

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سابق رکن قومی اسمبلی حاجی پرویز خان نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخاب کی خصوصی نشستوں پر لینڈ سلائیڈ ورکٹری سے حکمراں جماعت نے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے اور کنٹونمنٹ الیکشن کے بعد اپنی سیاسی فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی ہے اور جس طرح موجودہ حکومت پر اعتماد کا اظہار کیا جا رہا ہے اس کی بناء پر الیکشن 2018 ء میں بھی پاکستان مسلم لیگ (ن)کلین سویپ کرے گی۔

ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ راولپنڈی میں بلدیاتی انتخاب میں خواتین اورخصوصی نشستوں پر پاکستان مسلم لیگ (ن)کی کامیابی سے یہ ثابت ہو گیا ہے کہ کوئی دھرنہ ورنہ او ر سازش عوام کے دلوں سے وزیر اعظم محمد نواز شریف کی محبت کم نہیں کر سکتی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ راولپنڈی میں رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگ زیب ، اراکین صوبائی اسمبلی زیب النساء اعوان، تحسین فواد، لنبی ریحان اور لیگی رہنما ء دن بھر متحرک رہے اور اور پرامن ماحول میں منعقد ہونے والے بلدیاتی اداروں کی خصوصی نشستوںکے انتخاب میں پاکستان مسلم لیگ(ن)سے تعلق رکھنے والی امیدواروں نے شاندار کامیابی حاصل کی۔

حاجی پرویز خان نے کہاکہ دسمبر میں میئر بلدیہ راولپنڈی کا انتخاب بھی اسی طرح پاکستان مسلم لیگ (ن)کا امیدوار ہی جیتے گا۔ انہوں نے کہاکہ راولپنڈی وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے چاہنے والوں کا شہر ہے اور جس طرح عوام ان پر اپنی چاہتوں کے پھول نچھاور کر رہے ہیں اس طرح آئندہ انتخابات میں بھی پاکستان مسلم لیگ (ن)بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی۔