بزنس مین پینل اورپاکستان بزنس گروپ نے ایف پی سی سی آئی کے انتخابات کے لیے میاں انجم نثار کو سینئر نائب صدر کے عہدے پر نامزد کردیا

میاں انجم نثار ایک طویل عرصے سے صنعت کاروں اور تاجروں کے لیے جدوجہد کررہے ہیں اور حقوق کی جدوجہد میں ہمیشہ آگے نظر آئے ہیں ، میاں زاہدحسین ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں مخالفین کا صفایا کرنے کے بعد کمیونٹی کے حقیقی مسائل کے حل کے لیے کام کریں گے ،میاں انجم نثار

منگل 15 نومبر 2016 19:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2016ء)بزنس مین پینل اورپاکستان بزنس گروپ نے ایف پی سی سی آئی کے انتخابات برائے 2017-18کے لیے بزنس کمیونٹی کے معروف رہنما میاں انجم نثار کو سینئر نائب صدر کے عہدے پر نامزد کیا ہے ۔اس بات کا فیصلہ گزشتہ روز لاہور میں دونوں گروپوں کے مشترکہ اجلاس کیا گیا ۔اجلاس میں بزنس مین پینل کے سینئروائس چیئرمین میاں زاہدحسین، جنرل سیکرٹری سنیٹرحاجی غلام علی،سندھ ریجن کے چیئرمین ذکریاعثمان،ثاقب فیاض مگوں،پاکستان بزنس گروپ کے چیئرمین مہتاب چائولہ، صدارتی امیدوارعبدالرحیم جانو، یحییٰ پولانی، سیدعبدالوحیدشاہ سمیت تاجروصنعت کاربرادری کے ممتازرہنمائوں نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق بزنس کمیونٹی کے سینئر رہنما میاں انجم نثار کی رہائش گاہ پر منعقدہ اجلاس میں بزنس مین پینل اور پاکستان بزنس گروپ کے رہنماؤں نے بزنس کمیونٹی کے وسیع تر مفاد میں میاں انجم نثار سے درخواست کی کہ وہ ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں دونوں گروپوں کی جانب سے سینئر نائب صدر کے عہدے کے لیے انتخاب لڑیں تاہم میاں انجم نثار نے کہا کہ وہ بغیر کسی عہدے کے بزنس کمیونٹی کی خدمت کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں ۔

(جاری ہے)

عہدوں کا حصول کبھی بھی میرے پیش نظرنہیں رہا ہے ۔اس پر بزنس مینل پینل اور پاکستان بزنس گروپ کے رہنماؤں نے ان پر زور دیا کہ ایف پی سی سی آئی کے معاملات کو درست کرنے کے لیے اس وقت آپ جیسی ہمہ گیر شخصیت کی ضرورت ہے ۔دونوں گروپوں کے رہنماؤں کے بے حد اصرار پر میاں انجم نثار نے ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں حصہ لینے کی حامی بھری جس کا اجلاس میں موجود تمام رہنماؤں نے خیر مقدم کیا ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے میاں زاہد حسین نے کہا کہ عبدالرحیم جانو کو صدارتی امیدوار نامزد کرنے کے بعد بزنس مین پینل اور پاکستان بزنس گروپ نے بزنس کمیونٹی کی ایک اور بے لوث شخصیت کو اپناامیدوار نامزد کرکے ثابت کیا ہے کہ ہم بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل میں سنجیدہیں ۔بزنس کمیونٹی کو ایماندار اور کرپشن سے پاک قیادت فراہم کرنا ہمارا نصب العین ہے ۔

میاں انجم نثار ایک طویل عرصے سے صنعت کاروں اور تاجروں کے لیے جدوجہد کررہے ہیں اور حقوق کی جدوجہد میں ہمیشہ آگے نظر آئے ہیں ۔ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کو ان کی صلاحیتوں پر اعتماد ہے ۔انہوںنے کہا کہ بزنس مین پینل اور پاکستان بزنس گروپ میں مخالفین کی طرح کوئی بیمار ذہنیت کا شخص موجود نہیں ہے اور نہ ہی حکومتی عہدوں کے حصول کے لیے ہم بزنس کمیونٹی کو قربانی کا بکرا بنانا جانتے ہیں ۔

ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں مخالفین کا صفایا کرنے کے بعد کمیونٹی کے حقیقی مسائل کے حل کے لیے کام کریں گے اور ہماری کارکردگی بتائے گی کہ بزنس کمیونٹی کے اصل خیرخوا ہ کون ہیں ۔میاں زاہد حسین نے کہا کہ ہم دیگر عہدوں کے لیے بھی دیانتدار افراد کو سامنے لائیں گے ۔ میاں انجم نثار نے اپنے اوپر بھرپور اعتماد ظاہر کرنے پر بزنس مین پینل اور پاکستان بزنس گروپ کے رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجھ پر جس اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ میں بزنس کمیونٹی کو مایوس نہیں کروں گا ۔

ہماری ترجیحات بالکل واضح ہیں ۔ہمیں نہ کسی حکومتی عہدے کی ہوس ہے اور نہ ہی حکمرانوں کے درباری بننے کے خواہاں ہیں ۔بزنس کمیونٹی کے حقیقی مسائل حکومتی ایوانوں تک پہنچانا اور ان کے حل کے لیے حکمرانوں کو قائل کرنا ہمارا نصب العین ہے ۔میاں انجم نثار نے کہا کہ یونائیٹڈ بزنس گروپ اپنے منطقی انجام کی جانب بڑھ رہا ہے اور اپنے بوجھ تلے خود دب گیا ہے ۔

یوبی جی کے مقبرے پر سیاست کرنے والوں کو ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں بزنس کمیونٹی مسترد کردے گی ۔مخالفین کو اپنا انجام صاف نظر آرہا ہے ۔اس لیے بہتان طرازی پر اتر آئے ہیں اور ایشوز پر سیاست کرنے کی بجائے اپنے محسنوں کی کردار کشی کررہے ہیں جو ان کی بیمار ذہنیت کی عکا س ہے ۔ کل تک میاں طارق سعید کے تلوے چاٹنے والے نام نہاد رہنماؤں کو مشورہ دیتا ہوں کہ وہ اپنی رہی سہی عزت بچانے کے لیے بزنس کمیونٹی کی سیاست کو خیرباد کہہ دیں اور کینیڈا جا نے سے قبل سعودی عرب جاکر اپنے گناہوں کی معافی مانگیں ۔

مہتاب چاولہ نے کہا کہ یہ انتہائی خوشی کی بات ہے کہ میاں انجم نثار جیسے سینئر رہنما نے ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔بزنس کمیونٹی ان کے اس فیصلے کو ستائش کی نگاہ سے دیکھتی ہے کہ اور ہم پرامید ہیں کہ انتخابات میں دونوں گروپوں کے مشترکہ امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے ۔ایف پی سی سی آئی کے انتخابات کے لیے بزنس مین پینل اور پاکستان بزنس گروپ کے مشترکہ صدارتی امیدوار عبدالرحیم جانو نے کہا کہ کسی بھی ادارے میں بہتری کے لیے ایک اچھی ٹیم کا ہونا انتہائی ضروری ہے ۔

میاں انجم نثار کی بطور سینئر نائب صدر نامزدگی میرے لیے بھی باعث تقویت ہے ۔فیڈریشن کے انتخابات میں کامیابی کے بعد ہم اپنی ٹیم کے ہمراہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے بھرپور کردار ادا کریں گے ۔