جامشورو میں کھیلوں کے فروغ میں ملک اسد سکندر کی دلچسپی کا بڑا دخل ہے، محمد علی کاردار

منگل 15 نومبر 2016 19:12

حیدرآباد - (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء)ضلع جامشورو میں کھیلوں کے فروغ میں سردار ملک اسد سکندر خان کی دلچسپی کا بڑا عمل دخل ہے جس کا منہ بولتا ثبوت ملک سکندر خان اسپورٹس کمپلیکس کوٹری ہے جو کھلاڑیوں اور آرگنائزرز کو ہمہ وقت میسر ہے، یہی وجہ ہے کہ یہاں سے نکلنے والا ٹیلنٹ کوٹری کا نام ملک بھر میں روشن کر رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان آل ملز کے ایونٹ منیجر محمد علی کاردار نے نیشنل اسکولز بیس بال انڈر12بوائز چیمپئن شپ لاہور میں شرکت کرنے والے کوٹری کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب کے دوران اپنے خطاب میں کیا۔ اس موقع پرڈی سی اے جامشورو کے صدر محمد عمران آرائیں، سیکرٹری جلال رحمان رند بلوچ اور دیگر نے بیس بال کھلاڑیوں اور آرگنائزرز کو لاہور میں چوتھی پوزیشن حاصل کرنے پر مبارک باد دی اور اس ضمن میں سندھ کے صدر انجینئر محمد محسن خان، پر ویز احمد شیخ، عامر سلیم، ظہیر الدین ، کامران شاہ کی کاوشوں کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

سندھ بیس بال لٹل لیگ کے سیکرٹری پر ویز احمد شیخ نے سندھ اور خصوصاً کوٹری میں ہو رہے بیس بال ایونٹس سے متعلق اپنی رپورٹ پیش کی۔ تقریب اختتام کے موقع پر محمد علی کاردار، جلال رحمان، محمد عمران اور پر ویز احمد شیخ نے کھلاڑیوں اور آفیشلز میں اسناد تقسیم کیں۔ اس موقع پر استاد اصغر بھٹی ، ظہیر الدین ، کامران شاہ ، محمد عرفان ، ارشد خان، عمران علی ، زریاب علی ودیگر بھی موجود تھے۔