Live Updates

عمران خان پارلیمنٹ کے جوائنٹ سیشن میں آئیں گے تو خوشی ہوگی۔ عمران خان پاکستان کے قومی مفادات کیلئے خطرہ بن گئے ہیں، سی پیک کو متنازعہ بنانے کیلئے انھوں نے ایڑی چوٹی کا زور لگایا۔سی پیک منصوبوں میں تاخیر کی ذمہ داری عمران خان پر عائد ہوتی ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی صحافیوں سے گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 15 نومبر 2016 18:51

عمران خان پارلیمنٹ کے جوائنٹ سیشن میں آئیں گے تو خوشی ہوگی۔ عمران خان ..

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15 نومبر۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے پارلیمنٹ کے بائیکاٹ کے فیصلے پر افسوس کا ظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان پارلیمنٹ کے جوائنٹ سیشن میں آئیں گے تو خوشی ہوگی۔اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ترکی جاکر پاکستانی ہونے پر فخر محسوس ہوتا ہے اور ترک سفیر سے ملاقات کے بعد تحریک انصاف کو مشترکہ اجلاس میں آجانا چاہیے تھا۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ عمران خان پاکستان کے قومی مفادات کیلئے خطرہ بن گئے ہیں، سی پیک کو متنازعہ بنانے کیلئے انھوں نے ایڑی چوٹی کا زور لگایا۔ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے دھرنے کی وجہ سے چینی صدر کا دورہ منسوخ ہوا تھا، سی پیک منصوبوں میں تاخیر کی ذمہ داری عمران خان پر عائد ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

عمران خان پر مزید تنقید کے نشتر برساتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے کشمیرکے جوائنٹ سیشن کے بائیکاٹ پر بھارتی میڈیا میں مذاق اڑایا گیا تھا۔

اس موقع پر خواجہ سعد رفیق نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کچھ بھی ہوجائے حکومت تحریک آزادی کشمیر کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔تحریک انصاف پر فتنہ فساد کا الزام لگاتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ عمران خان الزامات لگاتے ہیں مگر ثبوت فراہم نہیں کرتے۔وفاقی وزیر ریلوے نے انکشاف کیا کہ شریف خاندان کے کاروبار کیلئے پیسہ پاکستان سے نہیں گیا، جب ملک سے پیسہ ہی نہیں گیا تو منی لانڈرنگ کیسے ہوئی؟خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عمران خان چیف جسٹس نہیں جو سارے معاملات ان کے سامنے پیش کرتے، پاناما لیکس پر دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہونے والا ہے۔

پی ٹی آئی کے اسلام آباد دھرنے کے دوران وزیر اعلیٰ خیبرپختون خوا پرویز خٹک کے قافلے کو روکنے کی پالیسی کو درست قرار دیتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ پرویز خٹک وزیراعلیٰ بن کر آتے تو پروٹو کول دیا جاتا۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ شیخ رشید، عمران خان اور اعتزاز احسن کی باتوں کا جواب دینے کیلئے وقت نہیں ہے۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا نام لیے بغیر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پنڈی کا سیاستدان ایک موٹر سائیکل اور 4 لوگوں کے ساتھ احتجاج کیلئے نکلا تھا۔

ادھر وزیر مملکت برائے انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی انوشہ رحمٰن نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ وزیراعظم پر الزامات شارٹ کٹ کے متلاشی لگا رہے ہیں۔انھوں نے دعویٰ کیا کہ پاناما لیکس کے نام پر دھمال ڈالنے والوں کے پاس کوئی ثبوت نہیں۔انوشہ رحمٰن مزید دعویٰ کیا کہ عدالت عظمیٰ نے تحریک انصاف کے ثبوتوں کو ردی قرار دیا ہے۔انھوں نے سوال اٹھایا کہ کس بنیاد پر عمران خان اسلام آباد پر حملہ کرنے جارہے تھے؟اس موقع پر وزیر مملکت برائے کیڈ طارق فضل چوہدری نے کہا کہ عمران خان انتخابات میں دھاندلی کے الزامات بھی ثابت کرنے میں ناکام رہے تھے، عمران خان کے پاس ثبوت لانے کیلئے اب بھی وقت ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات