آئی جی اسلام آباد پولیس طارق مسعود یاسین سے اسلام آباد چیمبر کے صدر خالد اقبال کی ملاقات

منگل 15 نومبر 2016 19:24

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک کی قیادت میں ایک وفد نے انسپکٹر جنرل پولیس طارق مسعود یاسین سے ان کے دفتر میں ملاقات کی ۔ اس موقع پر اے آئی جی سپیشل برانچ وقار چوہان، ایس ایس پی ساجد کیانی اور اے ایس پی انڈسٹریل ایریابھی موجود تھے۔ وفد میں چیمبر کے نائب صدر طاہر ایوب، خالد جاوید، میاں اکرم فرید، ناصر خان ، اعجاز عباسی، سیف الرحمٰن، خالد چوہدری، ناصر قریشی اور دیگر سینئر اراکین موجود تھے۔

وفد سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد پولیس طارق مسعود یاسین نے کہا کہ تاجر برادری معیشت کی ترقی میں ریڈھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور پولیس ان کو پرامن کاروباری ماحول فراہم کرنے کیلئے تمام ذرائع بروئے کار لائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چارچ سنبھالنے کے بعد انہوں نے سیف سٹی پراجیکٹ کو ایک چیلنج سمجھ کر قبول کیا اور اللہ تعالیٰ نے اس میں کامیابی عطا کی۔

گذشتہ دنوں ایک پارٹی کے مظاہروں کو کنٹرول کرنے کیلئے سیف سٹی پراجیکٹ کو استعمال کیا گیا اور امن و امان قائم رکھنے میں کامیاب رہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے تمام تھانوں کو کمپیوٹرائزڈ کیا جا رہا ہے جس میں ہر قسم کی معلومات فراہم ہوں گی اور عوام براہ راست اپنے متعلقہ تھانے میں رابطہ کر کے مسائل حل کروا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹی منصوبے کی وجہ سے جرائم میں خاطر خواہ کمی ہو گی کیونکہ جرائم پیشہ افراد کو بھی پتہ چل چکا ہے کہ واردات کی صورت میں وہ پکڑے جائیں گے۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک نے آئی جی اسلام آباد پولیس کو چیمبر کا دورہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ سیف سٹی منصوبہ پر اسلام آباد کے شہریوں اور تاجروں کو فخر ہے اور وہ اب اپنے آپ کو زیادہ محفوظ تصور کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں میٹرو پولیٹن پولیس کا نظام متعارف کرایا جائے جس سے ہر شہری براہ راست امن و امان کے معاملات میں دلچسپی لے گا۔

انہوں نے اسلام آباد پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دارالحکومت کی پولیس پاکستان بھر میں مثالی پولیس سمجھی جاتی ہے اور مزید اقدامات سے اس کی کارکردگی میں اضافہ ممکن ہے۔ آخر میں آئی جی اسلام آباد پولیس طارق مسعود یاسین نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک کو شیلڈ پیش کی۔

متعلقہ عنوان :