پی ٹی آئی کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں 2 معاملا ت پر قراردادیں جمع

بناولنٹ بورڈ میں10ہزار کے کیسوں کے التواء کی طرف توجہ مبذول کرائی ہے ‘شعیب صدیقی

منگل 15 نومبر 2016 19:47

پی ٹی آئی کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں 2 معاملا ت پر قراردادیں جمع
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے ممبر صوبائی اسمبلی محمد شعیب صدیقی نے پنجاب اسمبلی میں مفاد عامہ 2اہم معاملات پر قراردادیں جمع کرائی ہیں جن میں درجہ چہارم اور لوئر سکیل کے ملازمین کی بیوگان اور بچوں کی مالی امداد کے حوالے سے بناولنٹ فنڈ بورڈ میں 10ہزار سے زائد کیسز کے زیر التواء ہونے کی طرف توجہ مبذول کرائی ہے جس کے باعث ہزاروں بچوں کو تعلیم جاری رکھنے کیلئے سکالر شپ نہیں مل سکے اور میرج گرانٹ کے کیسز دب جانے کے باعث ہزاروں بچیاں شادی بیاہ کیلئے سرکاری ملازمین کو دی جانے والی میرج گرانٹ حاصل نہیں کر سکیں شعیب صدیقی نے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب حکومت بناولنٹ بورڈ میں کرپشن کا نوٹس لے اور التواء میں پڑے ہوئی10ہزار233کیسوں کو جلد از جلد کلئیر کیا جائے ۔

(جاری ہے)

ایم پی اے شعیب صدیقی نے اپنی دوسری قرارداد میں کھانوں کو لذیذ بنانے کیلئے دیسی گھی کی خوشبو والے عطر کے استعمال کے خلاف آواز بلند کی ہے جس کے باعث شہریوں کو جگر ،گردوں اور ہڈیوں کی بیماریو ں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور محکمہ فوڈ یا ضلعی حکام اس ضمن میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے سے قاصر ہیںشعیب صدیقی نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے ریسٹو ر ینٹس کے خلاف سخت ترین کاروائی عمل میں لائی جائے جو اپنے تھوڑے سے مالی مفاد کیلئے مصنوعی خوشبو استعمال کر کے نہ صرف دھوکہ دہی کے مرتکب ہوتے ہیں بلکہ معصوم شہریوں کی صحت سے بھی کھلواڑ کرتے ہیں ۔