لیزر لینڈ لیولنگ یونٹ کی قرعہ اندازی جلد کی جائے گی،ڈی سی او

منگل 15 نومبر 2016 20:03

لیزر لینڈ لیولنگ یونٹ کی قرعہ اندازی جلد کی جائے گی،ڈی سی او
ڈی جی خان۔15 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء)حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع ڈیرہ غازیخان کے کاشتکاروں کو ساڑھے چار لاکھ روپے فی یونٹ سبسڈی پر 56لیزرلینڈ لیولنگ یونٹ دیئے جائیں گے جس کیلئے موصول شدہ 341درخواستوں کی سکروٹنی ایک ہفتے کے اندر مکمل کر کے جلد قرعہ اندازی کی جائے گی۔ یہ بات ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر ندیم الرحمن کی زیر صدارت ضلعی عملدرآمد کمیٹی کے اجلاس میں بتائی گئی۔

ڈی سی او نے کہاکہ ڈرپ اریگیشن اور دیگر جدید نظام کی افادیت کے بارے میں عوام کو گائوں کی سطح پر آگاہی دینی چاہئے جس کیلئے افسران فیلڈ میںنکلیں۔ اجلاس کو بتایاگیاکہ مالی سال 2015-16میں ضلع کے منتخب کاشتکاروں میں 55لیزر یونٹ کی بکنگ کرائی گئی جن میں سے 36تقسیم ہو چکے ہیں‘ 2016-17کے ٹارگٹ 56کی تقسیم کیلئے عمل جاری ہے‘ مالی سال 2015-16میں ڈرپ اریگیشن کیلئے 350کا ہدف دیاگیا تھا جن میں سے 168مکمل کر لیے گئے ہیں اسی طرح موجودہ مالی سال کیلئے 400ایکڑ کا ہدف دیاگیاہے 200ایکڑ پر ڈیزائن و سروے مکمل کر کے 168کیلئے ورک آرڈر جاری کر دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

19ایکڑ پر نظام نصب کر دیاگیاہے۔ اجلاس کو بتایاگیاکہ مالی سال 2015-16میں 60کھال پختہ کرنے کا ہدف دیاگیا تھا جن میں سے 59مکمل کیے گئے اسی طرح زرعی ٹیوب ویل کے تینوں منصوبے مکمل کیے گئے ہیں اور رواں مالی سال کیلئے 60کھال پختہ کرنے کا ہدف دیاگیاہے جس کیلئے کام کیا جارہاہے ۔ اجلاس کو بتایاگیاکہ کھالہ جات پختہ کرنے کیلئے 39فیصد جبکہ ڈرپ اریگیشن کیلئے 40فیصد کاشتکاروںکو شیئر دینا پڑتا ہے ․ باقی اخراجات حکومت پنجاب برداشت کرتی ہے۔