سکواش کے کھلاڑی ناصر اقبال کا جلد از جلد ڈوپ ٹیسٹ کلیئر ہوجائے،کیپٹن عامر نواز

منگل 15 نومبر 2016 20:11

سکواش کے کھلاڑی ناصر اقبال کا جلد از جلد ڈوپ ٹیسٹ کلیئر ہوجائے،کیپٹن ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء) سکواش کے مایہ ناز کھلاڑی ناصر اقبال کا جلد از جلد ڈوپ ٹیسٹ کلیئر ہوجائے، ان خیالات کا اظہار پاکستان سکواش فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل گروپ کیپٹن عامر نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پاکستان ائیرفورس کے ڈائریکٹر سپورٹس گروپ کپٹن اصغر اعوان اور ڈائریکٹر سپورٹس سرینا ہوٹل شہریار خان بھی موجود تھے، اور گذشتہ برس اسلام آباد میں کھیلے گئے پریذیزنٹ سکواش گولڈ کپ میں ناصر اقبال نے کامیابی حاصل کی تھی،واضع رہے کہ ناصر اقبال کا دو بار ڈوپ ٹیسٹ عالمی انٹی ڈوپنگ ایجیسی نے لیا تھا، پہلا ٹیسٹ جو کہ 7 فروری کو ہوا تھا وہ مثبت آیا تھا جبکہ تین دن بعد 10 فروری کو لیا گیا ٹیسٹ منفی آیا تھا،عامر نواز نے کہا کہ ناصر اقبال کے بعد باقی کھلاڑیوں کے لئے ڈوپ ٹیسٹ جن کے مثبت آئے تھے ان سب کے کھیلنے پر پابندی لگا دی گئی ہے جبکہ ناصر اقبال کو صرف معطل کیا گیا ہے،انہوں نے کہا کہ چیف آف ائیر سٹاف انٹرنیشنل سکواش چیمپئن شپ کا کوالیفائنگ(آج) بدھ سے مصحف سکواش کمپلیکس میں کھیلا جا رہا ہے، جبکہ سیمی فائنل مقابلے 20 نومبر اور فائنل میچ 21 نومبر کو کھیلا جائے گا، انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں 44 کھلا ڑی حصہ لے رہے ہیں جن میں 11 غیر ملکی کھلاڑی شامل ہیں ،آسٹریا، مصر، ہالینڈ، انگلینڈ، ہانگ کانگ، نیوزی لینڈ اور اردن کے کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ اس سال انٹرنیشنل سطح کے چار ٹورنامنٹس کا انعقاد کرنا ہے جن میں سے دو ٹورنامنٹس چیف آف آرمی سٹاف انٹرنیشنل ٹورنامنٹ اور چیف آف نیول سٹاف انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کھیلے جا چکے ہیں، تیسرا چیف آف ائیر سٹاف انٹرنیشنل سکواش چیمپئن شپ شروع ہے جبکہ چوتھا انٹرنیشنل ٹورنامنٹ 31 دسمبر سے 6 جنوری تک کھیلا جائے گا،تمام ٹورنامنٹس کی انعامی رقم 25،25 ہزار ڈالر رکھی گئی ہے،ایک سوال کے جواب میں عامر نواز نے کہا کہ آئندہ برس لاہور ، پشاوراور کراچی میں بھی انٹرنیشنل سطح کے ٹورنامنٹ منعقد کروانے کا پروگرام بنایا جا رہا ہے، اور جس کی انعامی رقم 50 ، 50 ہزار ڈالررکھنے کی بھی منصوبہ بندی تیار کی جا رہی ہے، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئندہ برس پریذیذنٹ گولڈ کپ یا پرائم منسٹر گولڈ کپ منعقد کروانے پر بھی غور کیا جائے گا، گراس روٹ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سکواش کی اکیڈمی کام کر رہی ہے جس میں کوچز کھلاڑیوں کو تربیت دے رہے ہیں اور امید ہے کہ انٹرنیشنل ٹورنامنٹس کے انعقاد سے ملک میں سکواش کے کھیل کو فروغ حاصل ہوگا، پاکستان ائیرفورس کے ڈائریکٹر سپورٹس گروپ کپٹن اصغر اعوان نے کہا کہ پاکستان ایئرفورس ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لئے اہم اقدامات کر رہی ہے اور سکواش، گالف، ٹینس، پولو کے ٹورنامنٹس کا بھی انعقاد کرتی ہے، انہوں نے کہا کہ چیف آف ائیر سٹاف کبڈی ٹورنامنٹ 28 نومبر سے اسلام آباد میں کھیلا جائے گا جس میں ملک بھر سے نامور ٹیمیں حصہ لیں گی۔