سٹیزن فیڈ بیک سسٹم کی رپورٹ پراراضی مرکز ساہیوال کا اہلکار معطل، رشوت کی شکائت پرڈی سی او کا انکوائری کا حکم

منگل 15 نومبر 2016 20:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2016ء) پنجاب حکومت کے سٹیزن فیڈ بیک مانیٹرنگ پروگرام کے ذریعے شہریوں سے لی جانے والی معلومات کی روشنی میں اراضی مرکز ساہیوال کے اہلکار ضیا ء الرحمن کو معطل کر کے تحقیقات کا حکم دے دیاگیا ہے۔ پنجاب آئی ٹی بورڈکے ترجمان کے مطابق سٹیزن فیڈ بیک پروگرام کے ذریعے ستمبر 2016 کے دوران اراضی مرکز ساہیوال میں سرکاری کاموں کے لئے آنے والی16 افراد سے بذریعہ روبو کال رابطہ کیا گیا اور وہاں کے اہلکاروں کے عمومی رویے اور رشوت ستانی کے بارے میں پوچھا گیاتو12 افراد نے منفی ردِ عمل کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

ان میں سے دو افراد نے کرپشن کا الزام لگایا، چھ نے ناروا رویے اور چار نے تاخیری حربوں کی شکائت کی۔ان شکایات کی اطلاع ڈی سی اوساہیوال شوکت علی خان کھچی کو بھجوائی گئی تو انہوں نے مرکز پراچانک چھاپہ مارا جہاں ایک اہلکار ضیا ء الرحمن اپنے دفترسے باہر مبینہ طور پر لوگوں سے معاملات طے کر رہا تھا۔ ایک یونین کونسل کے چیئرمین نے بھی ڈی سی او کو شکائت کی کہ مذکورہ اہلکار نے ان سے بھی ایک انتقالِ اراضی کی تصدیق کے لئے پانچ ہزار روپے رشوت کا مطالبہ کیا تھا۔ اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے ڈی سی او نے ملزم کو معطل کر کے پیڈا ایکٹ کے تحت انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :