ایس ڈی پی آئی صوبائی اور وفاقی حکومت سے ملکر ضلعی حکومتوں کی مشکلات حل کرنے کیلئے کام کر رہی ہے‘ نوید خان/وسیم خان

منگل 15 نومبر 2016 20:45

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء) بجٹ سازی کے عمل میں عوامی رائے اور عوامی شمو لیت کو ہمیشہ نظر انداز کیا جاتا رہا ہے، ضلعی سطح پر افسران کی خالی آسامیاں اور بجٹ کال لیٹر کا بروقت جاری نہ ہونا شفافیت کی کمی سمیت کئی اہم مسائل نے ضلعی حکومتوں کو گھیر رکھا ہے، ایس ڈی پی آئی اس وقت صوبائی اور وفاقی حکومت سے ملکر ان مشکلات کو حل کرنے کیلئے کام کر رہی ہے، اس سلسلہ میں ضلع پشاور اور ہری پور میں ضلعی سطح پر بجٹ بنانے کے عمل میں عوامی شمولیت اور بجٹ بنانے کے طریقہ کار کے بارے میں ورکشاپس کا کامیابی سے پہلا فیز مکمل کرنے کے بعد دوسرے فیز پر کام شروع کر دیا ہے جس میں شرکاء کو اخراجات کی چیکنگ کے بارے میں تربیت دی جا رہی ہے۔

اس ورکشاپ میں ضلع کی سطح پر کام کرنے والے سرکاری اداروں کے افسران، اکائونٹس آفس کے اہلکاروں، سول سوسائٹی کے ممبران، جدید سافٹ ویئر کے استعمال اور اس کی مدد سے شفافیت لانے کی تربیت دی گئی۔

(جاری ہے)

ایس ڈی پی آئی کی جانب سے ٹرینر نوید خان اور وسیم خان نے انتہائی خوبصورت انداز میں شرکاء کو سافٹ ویئر کے استمال کے بارے تربیت دیتے ہوئے بتایا کہ اب اس سافٹ ویئر کے ذریعہ کسی بھی سرکاری ادارے چاہے اس کا تعلق صوبائی حکومت سے ہو یا ضلعی حکومت سے، اسے دیکھا جا سکتا ہے جس سے مجموعی بجٹ، اس کے اخراجات اور بقایا رقم کو بھی دیکھنے کی سہولت میسر ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایس ڈی پی آئی اپنی تمام تربیت مکمل کرنے والے افراد میں سے 25 افراد پر مشتمل ہر ضلع میں ایک گروپ تشکیل دے گا جن کو تمام سرکاری اداروں میں بجٹ کمیٹیوں میں شامل کیا جائے گا تاکہ وہ اپنی خدمات دے سکیں اور شفافیت کے عمل میں مثبت کردار ادا کر سکیں، ایس ڈی پی آئی کی کوآرڈینیٹر مس طاہرہ نے اس پراجیکٹ کے اعراض و مقاصد سے تفصیلی آگاہی دی۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلہ میں دو ضلعوں میں کام کا آغاز کیا گیا ہے، اس کی کامیابی کے بعد تمام اضلاع میں اس کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔ انہوں نے تمام سرکاری محکموں، ضلعی حکومتوں کے افسران کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس پراجیکٹ کی کامیابی میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔