ٹھٹھہ سے کراچی سٹرک کی تعمیر سے قبل نیچے سے گزرنیوالے فراہمی آب کے نظام کو محفوظ بنانے کیلئے فوری اور موثر اقدامات کئے جائیں ،ایم ڈی واٹربورڈ

منگل 15 نومبر 2016 20:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2016ء) ایم ڈی واٹربورڈ مصباح الدین فریدنے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے ٹھٹھہ سے کراچی تک سٹرک کی تعمیر سے قبل مذکورہ سڑک کے نیچے سے گزرنے والے فراہمی آب کے نظام کو محفوظ بنانے کے لئے فوری اور موثر اقدامات کئے جائیں ،اسٹیل ملز سے قائد آباد تک بنائی جانیوالی سڑک کے اطراف فراہمی آب کی لائن میں اگر کہیں رساؤ ہے تو اسے ہنگامی بنیادوں پر درست کرلیا جائے ،جہاں لائن کی تبدیلی ناگزیر ہے تو اس کی رپورٹ فوری مرتب کی جائے ، یہ ہدایات ایم ڈی واٹربورڈ نے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ٹیکنیکل سروسز فہیم اختر زیدی کو ایک اجلاس کے دوران دیں جوا س ضمن میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کے تناظر میں منعقد کیا گیا تھا،اجلاس میں ڈی ایم ڈی پلاننگ مشکورالحسنین تمام چیف انجینئرز اور سپرٹنڈنگ انجینئرز نے شرکت کی ، ایم ڈی واٹربورڈ نے کہا کہ حکومت سندھ عوام کی سہولت کے لئے ٹھٹہ سے کراچی تک سڑک تعمیر کرارہی ہے اس لئے ضروری ہے کہ سڑک کی تعمیر سے قبل مذکورہ سڑک کے قریب سے گزرنے والی پانی کے نظام کی جانچ کرلی جائے اور اس کو تعمیر کے دوران کسی نقصان کے خدشہ کے پیشں نظر محفوظ بنادیا جائے انہوں نے کہا کہ گھگھر سے گجو کے درمیان واٹربورڈ کا بلک فراہمی آب کا حساس نظام پانچ مقامات پر سڑک کے نیچے سے گزررہا ہے اس لئے ضروری ہے کہ صوبائی حکومت کے متعلقہ محکمہ کے انجینئرز کے ساتھ فنی و تیکنیکی مشاورت کی جائے نیز سپرنٹنڈنگ انجینئر بلک ٹرانسمیشن ان مقامات کی درست نشاندہی کریں جہاں سے واٹربورڈ کی کنڈیوٹ سائفن اور لائنیں سڑک کے نیچے سے گزررہی ہیں تاکہ ان کی حفاظت کے لئے اقدامات کئے جاسکیں نیز اس سے متعلق متعلقہ محکمہ کو قبل از وقت مطلع کیا جاسکے ،انہوں نے کہا کہ مذکورہ ترقیاتی منصوبہ کے لے آؤٹ پلان کے موصول ہونے کے بعد صوبائی سیکریٹری مالیات کو مذکورہ سڑک کے نیچے سے گزرنے والے بلک واٹرسپلائی کے نظام سے آگاہ کردیا گیا تھا جس کا انہوں نے فوری نوٹس لیا اور متعلقہ محکمہ کے انجینئرز اور دیگر حکام کو بلک واٹرسپلائی نظام کو دوران تعمیرات کسی نقصان سے بچانے کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کردیں تھیں ،ایم ڈی واٹربورڈ نے کہا کہ قائد آباد سے اسٹیل ملز تک تعمیر ہونے والی سڑک کے قریب اگر واٹربورڈ کی لائنوں میں رساؤ ہے تو اس کی فوری طورپر مرمت کرلی جائے بصورت دیگر لائن کی تبدیلی کی ضرورت کے پیش نظر فوری طور پر رپورٹ مرتب کی جائے انہوں نے انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کے دیگر شعبہ جات کو بھی اس ضمن میں فوری اور موثر اقدامت کی ہدایات دیں ۔

#

متعلقہ عنوان :