ملک میں سرمایہ کاری کے ساز گارمواقع اور تجارتی سرگرمیوںمیں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ،گورنر پنجاب

ایک مربوط حکمت عملی کے مطابق اقدامات کیے جارہے ہیں، ملک رفیق رجوانہ کی کینڈا پاکستان بزنس کونسل کے وفد سے گفتگو

منگل 15 نومبر 2016 21:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ ملک میں سرمایہ کاری کے ساز گارمواقع فراہم کرنا اور تجارتی سرگرمیوںمیں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں ایک مربوط حکمت عملی کے مطابق اقدامات کیے جارہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کینڈا ۔پاکستان بزنس کونسل کے نمائندہ وفد سے گفتگو کے دوران کیا ، جنہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں ایس ایم نصیر اور مسٹر سمیر کی قیادت میںان سے ملاقات کی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ مہنگائی اور غربت کے خاتمے کے لیے نجی شعبہ کو فعال کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور یہ امرقابل ذکر ہے کہ گزشتہ کئی برسوں سے دیگر شعبوں کی طرح سرمایہ کاری کے شعبے میں بھی پبلک اور پرائیویٹ پارٹنر شپ کو فروغ حاصل ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر سرمایہ کاروں کے لیے ایسی سرمایہ کار دوست پالیسیاں وضع کی جا رہی ہیں جن سے ملک میں صنعت کو فروغ ملے کیونکہ بے روزگاری کے خاتمے کا واحد حل ملک میں کاروباری تجارتی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کے اعتماد اور وقار میں اضافہ ہونے سے غیر ملکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کو ترجیح دے رہی ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ چین کی طرف سے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی خصوصا سی پیک میں 46ارب ڈالرسے زائد کے منصوبے نہ صرف حکومت کی بہترین معاشی حکمت عملی کی عکاسی ہے بلکہ ہماری مثالی خارجہ پالیسی کا بھی مظہر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کنیڈا میں تجارتی شعبے میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں، خصوصا کنیڈا کے سرمایہ کاریہاں توانائی ،انفراسٹرکچر اور سوشل سیکٹر کے شعبے موجودہ امکانات سے استفادہ کر سکتے ہیں ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ کنیڈا سے پاکستان کی تجارت کاحجم نہایت کم ہے جس میں خاطر خواہ اضافے کے لیے ٹریڈ ایونٹ کے انعقاد کی ضرورت ہے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ کنیڈا میں مقیم پاکستانی ملک کے سفیر ہیں انہیں پاکستان کے بہتر امیج کے فروغ کے لیے کام کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے ان کے ساتھ ہیں اور اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔