بھارتی جنگی رویہ خطے کیلئے خطرہ، عالمی برادری مجرمانہ خاموشی کا سلسلہ توڑ کر جارحیت کا فوری نوٹس لے،حافظ عبدالغفار روپڑی

منگل 15 نومبر 2016 21:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2016ء) بھارتی جنگی رویہ خطے کیلئے خطرہ، عالمی برادری مجرمانہ خاموشی کا سلسلہ توڑ کر جارحیت کا فوری نوٹس لے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی نے گذشتہ روز کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ سے پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے انتہائی غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دوغلی پالیسی پر کاربند بھارت خود دہشت گردی جیسے گھنائونے جرم کا مرتکب ہے اور آئے روز عالمی قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کر رہا ہے۔

بھارتی بنیا ایک طرف تو خطے میں امن قائم کرنے کی باتیں کرتا ہے مگر دوسری طرف امن کو سبوتاژ کرنے میں بھی پہل کر دیتا ہے۔

(جاری ہے)

خطے میں اپنا دبدبہ قائم کرنے کیلئے اسلحہ کے ڈھیر لگا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن کے قیام اور مذاکرات کی فضا کو یقینی بنانے کیلئے ہتھیاروں اور اسلحہ کے ڈھیر کی نمائش نامناسب ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکمران ہوش کے ناخن لیں اور بھارت کے ساتھ معاشقے کی پینگیں بڑھانے کی بجائے اس کے مذموم ارادوں کو بھانپ کر برابری کی سطح پر تعلقات استوار کریں۔

ملک اور اسلام دشمن طاقتیں مسلمانوں کیخلاف سازشوں اور پراپیگنڈے میں مصروف ہیں ۔ پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ اقوام متحدہ سرحدوں پر بھارتی جارحیت روکنے کیلئے کوئی کردار ادا نہیں کر رہی۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ بھی جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلمانوں پر ہونے والے ظلم و ستم اور بربریت پر مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے۔

پاکستان، کشمیر سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں پر ہونے والے جبر پر عالمی قوتیں مذمتی بیان تک جاری کرنا بھی گوارا نہیں کرتیں جبکہ فرانس، امریکہ سمیت دیگر ممالک میں ہونے والی آہٹ پر بھی آسمان سر پر اٹھا لیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی قوتوں کے اس منافقانہ رویے اور دوغلی پالیسی کے باعث بھارت کو شہ مل رہی ہے ۔ گفتگو میں فوجی جوانوں کی شہادت پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دفاع پاکستان کے لیے جان دینے والوں کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ عوام پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور وطن عزیز کے دفاع کیلئے کوئی بھی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرینگے۔

متعلقہ عنوان :