محاورہ'' کام تمہارانام ہمارا ''حکمرانوں پرصادق آتاہے۔اشرف بھٹی

حکمران انتہائی کام چور ہیں ،دوسروں کے کام کاکریڈٹ نہیں لے سکتے،پی پی پی رہنماء

منگل 15 نومبر 2016 21:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے مرکزی رہنما محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ محاورہ'' کام تمہارانام ہمارا'' پاناما لیگ کی قیادت پرصادق آتا ہے۔حکمران انتہائی کام چور ہیں ،دوسروں کے کام کاکریڈٹ نہیں لے سکتے۔ حکمرانوں نے حالیہ تین برسوں میں جس بھی تعمیراتی پراجیکٹ کاافتتاح کیا وہ آصف علی زرداری دورمیں شروع ہو ا تھا۔

آصف علی زرداری نے اپنے دورحکومت میں شہریوں کیلئے سفر اور تجارتی سامان کی ترسیل سہل بنانے کیلئے پائیدارشاہراہوں کاجال بچھا نے کے ساتھ ساتھ عام آدمی کوبااختیار بنایا ۔ آصف علی زرداری کافوکس اقتدار کی بجائے اداروں کی مضبوطی پرتھا جبکہ آج نااہل حکمران اپنااقتداربچانے کیلئے اداروں پرحملے کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ نادرآبادمیں ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔

محمداشرف بھٹی نے مزیدکہا کہ میاں نوازشریف قومی اداروں کے ساتھ تصادم کرنے سے بازنہیں آتے۔وہ تیسری بار وزیراعظم منتخب ہوئے اورتینوں بارانہوں نے اقتدارکے جوش میں قومی قیادت اوردفاعی اداروں کے ساتھ چھیڑچھاڑ شروع کر دی۔انہوں نے کہا کہ اگرملک وقوم کو ان سے نجات نہ ملی توموصوف تیسری بارپھر قومی اداروں کویرغمال بنانے کی ناکام کوشش میں جمہوریت کوڈی ریل کردیں گے۔

ان کے تینوں ادوارمیں جس طرح جمہوری قوتوں کی آزادی اوردفاعی اداروں کی ناموس پرشب خون ماراگیاوہ قومی تاریخ کاسیاہ باب ہے۔انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف کواس کے بعد کبھی اقتدار کی باری نہیں ملے گی ،انہوں نے نوشتہ دیوارپڑھ لیا ہے اوربدحواسی میں قومی اداروں کیخلاف زہراگل رہے ہیں ۔قائدجمہوریت اورمحافظ جمہوریت آصف علی زرداری نے اپنے دورصدارت میں کرپشن کے سدباب اور جمہوریت کے فروغ کیلئے میڈیا کی بھرپورآزاد ی یقینی بنائی ،آزادمیڈیا آج استحکام پاکستان کیلئے اپناکلیدی کرداراداکررہاہے۔ انہوں نے کہا کہ نااہل حکمران مٹھی بھر دہشت گردعناصر کی سرکوبی کرنے میںناکام ہوچکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :