کوئٹہ سے گوادرپوراصوبہ بلوچستان ریگستان کا منظر اورعوام صحت تعلیم سمیت بنیادی انسانی حقوق وسہولیات سے محروم ہیں ،جماعت اسلامی بلوچستان

حکمرانوں نے عوام کے مسائل کے حل کا کوئی پروگرام و منصوبہ پیش نہیں کیا ،بیان

منگل 15 نومبر 2016 21:54

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2016ء) جماعت اسلامی کے صوبائی بیان میں کہا گیا ہے کہ اس وقت کوئٹہ سے گوادرپوراصوبہ بلوچستان ریگستان کا منظر اورعوام صحت تعلیم سمیت بنیادی انسانی حقوق وسہولیات سے محروم ہیں حکومت نے بلدیاتی اداروں کو عملی طورپراپنے وسائل اوراختیارات سے محروم کررکھا ہے۔ جس کی وجہ سے عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل نہیں ہورہے کئی دہائیو ں سے بلوچستان میں آنے والی حکومتوں نے عوام کی زندگی بہتر بنانے کی کوئی خاص کوشش نہیں کی ،شہروں کی حالت یہ ہے کہ ہر جگہ کچرے کے ڈھیر ،نکاسی آب کی صورتحال انتہائی خستہ حال اور صاف پانی کی فراہمی کا نظام متاثر ہوچکا ہے۔

اوور بلنگ ، بجلی وگیس لوڈ شیڈنگ عام معمول بن گیا ہے۔ عوام کے مسائل حل ہونے کے بجائے اس میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

حکمرانوں نے عوام کے مسائل کے حل کا کوئی پروگرام و منصوبہ پیش نہیں کیا ۔ صوبائی بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آج بھی بلوچستان کا عام آدمی کرپشن، غربت، مہنگائی، بھوک وبدحالی ،بیروزگاری،ذلت وناانصافی اور جہالت کا شکار ہے۔

بے دینی وبے راہ روی اور بے حیائی کو منظم طور پر پھیلایاجارہا ہے، نوجوانون کے سامنے مستقبل کی کوئی امید نہیں، ظلم کے نظام نے انسانوں سے خوشیاںچھین لی ہیں،دیہات ہوں یا شہر بدامنی اور بدحالی بلوچستان کے عوام کا مقدر بنی ہوئی ہے۔عام آدمی شدید گھٹن اور مایوسی کا شکار ہے اس کے سامنے ترقی کا کوئی راستہ نہیں ہے،گذرتے وقت کے ساتھ حکمرانوں کے اثاثے تو بڑھ رہے ہیں لیکن عوام کا مقدر محرومیوں کے ساتھ سسک کر جینا ہی رہ گیاہے۔

اس ساری صورتحال میں جماعت اسلامی ہی وہ واحد جماعت ہے جو معاشرے میں انبیاء کرام کی دعوت کو لے کر کھڑی ہوئی ہے جو سیرت وکردار میں اصلاح کے بغیر تبدیلی کے نعرے کو کھوکھلا سمجھتی ہے جو عوام الناس میں سے ہے اور خالص دعوتی انداز میں تربیت واصلاح معاشرہ کے مراحل سے گزرتے ہوئے ایک حقیقی اور پائیدار تبدیلی کی بات کرتی ہے۔ ظلم، ناانصافی ،بد عنوانی ،خودغرضی کو رخصت کیے بغیرخوشحالی ممکن نہیں ۔

آج عام آدمی کے لیے روزگار ،تعلیم ،صحت ،بہترین مستقبل اور عام آدمی کے بہتر معیار ِ زندگی کی منصوبہ بندی کیے بغیر صورتحال کو بہتر نہیں بنایا جاسکتا ۔سی پیک بلوچستان کے لیے خوشحالی حاصل کر نے کا تاریخی ،انمول اور بہترین مو قع ہے مگر اس میں اگر اہلیان بلوچستان کیساتھ ناانصافی وزیادتی کی گئی تو سی پیک منصوبہ بھی نیاکالا باغ بنے گاسی پیک کا حقیقی روٹ قوم کو بتاکر پوری قوم کو اس منصوبے پر یکسو کیا جائے ۔