پاکستان ایکس سروس مین کی لائن آف کنٹرول پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ اور سات فوجیوں کی شہادت کی مذمت

منگل 15 نومبر 2016 22:01

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء) پاکستان ایکس سروس مین ایسوسی ایشن (پیسا)نے لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ اور اسکے نتیجہ میں سات فوجیوں کی شہادت کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پڑوسی ملک دو ایٹمی طاقتوں کے مابین امن کو تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے۔ پاکستانی فوج وطن عزیز کے دفاع اور ہر قسم کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار پیسا کے اول نائب صدر وائس ایڈمرل تسنیم کی قیادت میں ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا ۔اس موقع پر ائیر وائس مارشل مسعود اختر، جنرل نعیم اکبر، برگیڈئیر میاں محمود، سلیم احمد گنڈاپور، بریگیڈئیرسائمن شروف، میجر فاروق حامد خان، برگیڈئیرمسعود الحسن اور دیگر موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں شہید ہونے والے جوانوں کی لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا گیا اور انکی جانب سے جوابی کاروائی جس میں بھارت کے بہت سے فوجی ہلاک و زخمی ہوئے اور کئی چوکیاں تباہ کر دی گئیں کو سراہا گیا۔

سابق فوجیوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے اچانک جارحانہ طرز عمل حیران کن ہے جس کا مقصد پاکستان کی خارجہ تعلقات اور اندرونی معاملات کو نقصان پہنچانا ہو سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہر حملہ کے بعد بھارت سفارتکاروں کو طلب کر کے ان سے احتجاج کرنا ناکافی ہے ۔ فارن آفس اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے دنیا کو بھارت کا اصل چہرہ دکھائے ، اس کی جارحیت کے مضمرات سے آگاہ کرے اور مقاصد کو بے نقاب کرے۔

فارن آفس عالمی رہنمائوں کو بتائے کہ بھارت ایسے ہتھکنڈوں کے زریعے عالمی رائے عامہ کی توجہ کشمیر کے مسئلے سے ہٹانا چاہتا ہے جسکی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سابق عسکری قیادت نے گوادر کی بندرگاہ کے آپریشنل ہونے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت جلز از جلد تمام شراکت داروں کے تحفظات دور کرے تاکہ اقتصادی راہداری کا منصوبہ بر وقت مکمل کیا جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ پانامہ گیٹ سکینڈل کی مناسب انکوائری کرے گی اور اس میں کسی قسم کی تاخیر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :