ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کا الائی بازار میں ناجائز منافع خوروںکے خلاف آپریشن، گراں فروشوں پر بھاری جرمانے

منگل 15 نومبر 2016 22:08

بٹگرام۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء) ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر نے الائی بازار میں ناجائز منافع خوروںکے خلاف آپریشن کے دوران متعدد گراں فروشوں پر بھاری جرمانے عائد کئے ہیں۔ دس مختلف اشیاء کے نمونے ٹیسٹ کیلئے پشاور لیبارٹری کو ارسال کر دیئے گئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر سید وزیر شاہ نے فوڈ انسپکٹر ارسلان شوکت کے ہمراہ الائی کے مختلف بازاروں بنہ اور کرک کا اچانک دورہ کیا اور مختلف دوکانوں، ہوٹلوں، نانبائیوں اور بیکریوں کے مالکان پر بھاری جرمانے عائد کر کے رقم قومی خزانہ میں جمع کروائی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی ایف سی سید وزیر شاہ نے مختلف اشیاء چائے، بسکٹ، مصالحہ جات اور دیگر کے دس عدد نمونے حاصل کر کے ٹیسٹ کیلئے پشاور لیبارٹری کو ارسال کر دیئے ہیں۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈی ایف سی سید وزیر شاہ نے کہا کہ بٹگرام کے مختلف بازاروں میں گراں فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، چھاپوں کے دوران مہنگے داموں اور ناقص اشیاء فروخت کرنے والے درجنوں دوکانداروں کو موقع پر بھاری جرمانہ کئے گئے۔ الائی کے عوامی سماجی حلقوں نے کہا کہ محکمہ فوڈ کے اہلکار معمول کے مطابق الائی کے بازاروں کا دورہ کرتے ہیں جس کی وجہ سے الائی میں سرکاری نرخنامہ کے مطابق اشیاء فروخت ہو رہی ہیں۔