ڈی سی او کا اپنے آفس اور رجسٹری برانچوں کا ہنگامی دورہ ،لیٹ آنیوالے افسران کو وارننگ

منگل 15 نومبر 2016 22:25

گوجرانوالہ۔15 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء)ڈی سی او محمد عامر جان نے ڈی سی او آفس اور رجسٹری برانچوں کا ہنگامی دورہ کیا۔ انہوں نے دفاتر میں لیٹ آنے والے افسران اورعملہ کو تنبیہ جاری کی اور افسران کو سات روز میں تمام معاملات ٹھیک کرنے کی ہدایات جاری کیں، ڈی سی او محمد عامر جان نے رجسٹری برانچوں اور ڈی سی او دفتر میں بیٹھنے والے ضلعی اور تحصیل افسران کے دفاتر میں چھاپہ مارا۔

اس موقع پر انہوں نے افسران کے بروقت دفاتر میں نہ پہنچنے پرناراضگی کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے صبح:15 8 سے 8:45تک دفاتر میں افسران اور عملہ کی حاضری چیک کی، ڈی سی او نے کہا کہ آئندہ فرائض میں کوتاہی اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ۔ افسران اور عملہ وقت کی پابندی کریں تا کہ سائلین کو ان کے دفاتر میں گھنٹوں انتظار اور بار بار کام کے سلسلہ میں چکر نہ لگانا پڑیں ۔ انہوں نے غیر حاضر سٹاف اور افسران کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا جائے اور وقت کی پابندی کی جائے، دورہ کے مو قع پرڈی ایم او امان اللہ ، اسسٹنٹ کمشنر سٹی عتیق الرحمن ، ڈی او بلڈنگز رانا غلام دستگیر اور دیگر ان کے ہمراہ تھے ۔