سندھ حکومت انفرااسٹرکچر کے مختلف شعبوں میں کاروبار کی حوصلہ افزائی کرے گی، ناہید میمن

منگل 15 نومبر 2016 22:33

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء) چیئر پرسن سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ ناہید میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت صوبے میں انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کے مختلف شعبوں بالخصوص ہاؤسنگ، ٹاؤن پلاننگ اور رئیل اسٹیٹ کے کاروبار کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتی ہے تاکہ صوبے میں رہائش کے مسائل کو جدید طریقوں سے حل کیا جا سکے، رئیل اسٹیٹ، ہاؤسنگ اور ٹاؤن کے پلاننگ کے شعبوں سے وابستہ بزنس مین آگے آئیں اور سندھ حکومت کے ساتھ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کام کریں تاکہ صوبے میں رہائش کے مسائل حل ہوں، معیشت مستحکم ہو اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز میں ’’رئیل اسٹیٹ پر سمندر پار سے سرمایہ کار‘‘ کے موضوع پر سیمینار سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ناہید میمن نے کہا کہ سی پیک منصوبے کے روڈ نیٹ ورک کے قریب ہمیں نئی آبادیاں اور دیگر تعمیرات مثلاً اسکول، ہسپتال وغیرہ بنانے ہیں، مقامی سرمایہ کار اس جانب بھی توجہ کریں جبکہ ہاؤسنگ کی ضرورت پوری کرنے کے لئے پارٹنر شپ کے تحت منصوبے پیش کریں اور اس ضمن میں چینی کمپنیوں کے ساتھ بھی جوائنٹ وینچر کریں، حکومت ہر ممکن مدد کرے گی۔

تقریب سے ایف پی سی سی آئی کے سینئرنائب صدر خالد تواب، آباد کے چیئرمین محسن شیخانی، ایف پی سی سی آئی کی رئیل اسٹیٹ کے لئے اسٹینڈنگ کمیٹی کی چیئرپرسن فرزانہ خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :