چھومک پل کے ڈیزائن اور لاگت کا تنازعہ ،تھرڈ پارٹی ویلیوویشن کیلئے سینئر انجینئر کی خصوصی ٹیم سکردو پہنچ گئی

منگل 15 نومبر 2016 22:45

سکردو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 نومبر2016ء)چھومک پل کے ڈیزائن اور لاگت کا تنازعہ ،تھرڈ پارٹی ویلیوویشن کیلئے سینئر انجینئر کی خصوصی ٹیم سکردو پہنچ گئی ۔40کروڑ تعمیری لاگت کے حامل چھومک پُل کے ٹینڈر کے بعد تعمیرات جاری ،ڈیزائن میں ممکنہ تبدیلی کے بعد لاگت 70کروڑ سے تجاوز کر جائے گی ۔رابطہ سڑک موجودہ نقشے سے غائب کر دی گئی ،معتبر ذرائع کے مطابق چھومک آر سی سی برج کا کام 40کروڑ روپے میں ٹینڈر ہو چکا ہے اور ٹھیکیدار کی جانب سے تعمیرات کا کام زور و شور سے جاری ہے ادھر محکمہ تعمیرات عامہ کے کچھ سینئر انجینئرز اولین دن سے اس کی تعمیر ی لاگت کو 70کروڑ روپے تک پہنچانے کی بھاگ دوڑ میں ہیں اور وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن کے دورہ سکردو کے موقع پر زراعت آفس میں دی جانے والی بریفینگ میں بھی بعض تکنیکی کمزوریوں کا حوالہ دیکر اسکی لاگت بڑھانے کی سفارش کی تھی تا ہم وزیر اعلیٰ کے استفسار موقع پر موجود سیکریٹری ورکس نے صاف لفظوں میں جواب دیا تھا کہ چھومک پل کے اگر ڈیزائن میں تبدیلی کرنی پڑی تو سب سے پہلے متعلقہ ڈیزائن دینے والے انجینئر کو جیل بھیجنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق چھومک پل کے کنسلٹنٹ کا کہنا ہے کہ چھومک پل کے پائلنگ پائپ کا سائز 8ایم ایم کافی ہے جو 40ٹن تک کا وزن اٹھا سکتا ہے جبکہ محکمہ تعمیرات عامہ کے انجینئرز زور دے رہے ہیں کہ پائلنگ پائپ 12ایم ایم کا لگنا چاہیے جس کے اخراجات 40کروڑ سے بڑھ کر 70کروڑ سے تجاوز کر سکتے ہیں۔ محکمہ تعمیرات عامہ کے سینئر انجینئرز اور کنسلٹنٹ کے مابین تنازعے کے بعد اعلیٰ مقام نے تھرڈ پارٹی ویلیوویشن کیلئے 2سینئر اور تجربہ کار انجینئرز پر مشتمل خصوصی ٹیم سکردو بھیج دی ہے جو سارے معاملات اور سائیڈ دیکھنے کے بعد فیصلہ دینگے کہ ڈیزائن میں تبدیلی ناگزیر ہے یا پھر موجودہ ڈیزائن اور لاگت سے یہ مسئلہ حل کیا جا سکتا ہے اور وہ اس حوالے سے اپنی ماہرانہ رائے اعلیٰ حکام کو پیش کرینگے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ تعمیرات عامہ نے اس اہم ترین منصوبے کی کنسلٹنسی محکمہ تعمیرات عامہ کے ایک سابق سینئر انجینئرز کی ہے اور انہیں 60لاکھ روپے ڈیزائن تیار کرنے کا کنٹریکٹ دیا گیا ہے ۔ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا کہ تھرڈ پارٹی ویلیوویشن کے بعد ممکنہ اور مبینہ طورپر ڈیزائن میں تبدیلی سے کنسلٹنٹ کو دئیے گئے 60لاکھ روپے جہاں ضائع ہونگے وہیں اس کی کاسٹ 70کروڑ سے تجاوز کر جائے گی ۔

ذرائع کے مطابق منظور شدہ ڈیزائن کے تحت چھومک پل کے PC-Iکی مالیت میں رابطہ سڑک کی لاگت بھی شامل تھی تاہم محکمے کے ذمہ داران نے روڈ کے بجٹ کو بھی پل کی تعمیر میں شامل کر دیا ہے جس کے بعد رابطہ سڑک کیلئے بھی اضافی بجٹ کی ضرورت ہے ۔ذرائع کے مطابق چھومک پل کے کنسلٹنٹ کا دعویٰ ہے کہ اس نے سائیڈ چیک کرنے کے بعد ہی ڈیزائن دیا ہے اور اس میں کسی تبدیلی کی ضرورت نہیں ہے ۔