قاضی یاسر کا مولانا برکاتی اوردیگر کشمیری نظر بندوں کی گرتی ہوئی صحت پر اظہار تشویش

مقبوضہ وادی کی جیلوں میں منتقلی کا مطالبہ

بدھ 16 نومبر 2016 12:33

․ سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) مقبوضہ کشمیر میں امت اسلامی کے چیئرمین قاضی یاسر احمد نے مقبوضہ علاقے اور بھار ت کی مختلف جیلوں میں نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر سخت تشویش ظاہر کی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق قاضی یاسر نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ نے کشمیری سیاسی نظر بندوں کو طبی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا ہوا ہے ۔

قاضی یاسر نے کہا کہ انکی پارٹی کے رہنما مولانا سرجان برکاتی کی کوٹ بھلوال جیل جموں میں صحت انتہائی گرچکی ہے اور اگر ان کے ساتھ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو اسکی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہو گی۔ انہوںنے کہا کہ جموںاور بھارت کی مختلف جیلوںمیں نظر بندمقبوضہ وادی سے تعلق رکھنے والے افراد کے اہلخانہ مالی دشواریوں کے سبب انکے ساتھ ملاقات کیلئے نہیں جاسکتے لہذا انہیں وادی کی جیلوں میں منتقل کیا جانا چاہیے۔

(جاری ہے)

قاضی یاسر نے کہا کہ مولانا برکاتی کی اہلیہ بھی یہ کہہ چکی ہے کہ خستہ مالی حالت کے باعث وہ اپنے شوہر کے ساتھ ملاقات کیلئے جموں نہیں جاسکتی۔ انہوںنے کہا کہ انکی پارٹی مولانا برکاتی کی مقبوضہ وادی کی کسی جیل میں منتقلی کے حوالے سے جلد عدالت میں ایک عرضداشت دائر کریگی۔ انہوں نے مولانا برکاتی سمیت مقبوضہ وادی کے تمام نظر بندوں کی اپنے اپنے اضلاع کی جیلوں میں فوری منتقلی کا مطالبہ کیا۔ یاد رہے کہ مولانا برکاتی المعروف ’’آزادی چاچا‘‘کے خلاف رواں برس یکم اکتوبر کو کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کیا گیا تھا۔