Live Updates

الیکشن کمیشن میں عمران خان اور جہانگیر ترین کی نااہلی کے ریفرنس کی سماعت 22 نومبر تک ملتوی، عمران خان اور جہانگیر ترین سے جواب طلب

بدھ 16 نومبر 2016 13:50

الیکشن کمیشن میں عمران خان اور جہانگیر ترین کی نااہلی کے ریفرنس کی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) الیکشن کمیشن نے عمران خان اور جہانگیر ترین کی نااہلی کے ریفرنس کی سماعت 22 نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کرلیا ہے۔ بدھ کو الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا خان کی سربراہی میں بینچ نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری اور دیگر کی طرف سے دائر ریفرنس کی سماعت کی۔

عمران خان کی جانب سے ان کے وکیل بینچ کے سامنے پیش ہوئے جنہوں نے جواب کے لئے مزید مہلت طلب کی جس پر انہیں 22 نومبر تک جواب داخل کرنے کی مہلت دی گئی۔ اسی طرح تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر خان ترین کے خلاف محمد خان ڈاہا اور دیگر کی جانب سے قومی اسمبلی کی رکنیت سے نااہلی کے ریفرنس کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

جہانگیر خان ترین کے وکیل نے کہا کہ ان کے موکل کے خلاف ریفرنس دائر کرنے والے درخواست گذار یہاں موجود نہیں ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ ان کی اس کیس میں دلچسپی نہیں ہے اس لئے اسے خارج کیا جائے جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ گزشتہ پیشی پر بھی درخواست گذار موجود نہیں تھے۔

اس پر بینچ نے انہیں نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 22 نومبر تک ملتوی کر دی۔ الیکشن کمشن میں کیپٹن (ر) محمد صفدر کے خلاف درخواست کی سماعت بھی 22 نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات