Live Updates

وزیراعظم کا احتساب کرنے والے عمران خان آج عدالت سے بھاگ رہے ہیں، الیکشن کمیشن میں الف لیلیٰ کہانیاں نہیں بلکہ ثبوتوں کے ساتھ آئے ہیں، ہمارے ریفرنس پر عمران خان ٹیکس چوری، کالے دھن سے بنی گالا میں گھر خریدنے اور منی لانڈرنگ پر قومی اسمبلی کی رکنیت سے نااہل ہوسکتے ہیں، مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں طلال چوہدری اور دانیال عزیز کی میڈیا سے بات چیت

بدھ 16 نومبر 2016 13:50

وزیراعظم کا احتساب کرنے والے عمران خان آج عدالت سے بھاگ رہے ہیں،  الیکشن ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کا احتساب کرنے والے عمران خان آج عدالت سے بھاگ رہے ہیں، ہم الیکشن کمیشن میں الف لیلیٰ کہانیاں نہیں بلکہ ثبوتوں کے ساتھ آئے ہیں، ہمارے ریفرنس پر عمران خان ٹیکس چوری، کالے دھن سے بنی گالا میں گھر خریدنے اور منی لانڈرنگ پر قومی اسمبلی کی رکنیت سے نااہل ہوسکتے ہیں ۔

بدھ کو الیکشن کمیشن کے باہر مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں طلال چوہدری اور دانیال عزیز نے اپنے وکلاء کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں نے پانامہ لیکس کا معاملہ سامنے آنے کے چند روز بعد 22 اپریل کو سپریم کورٹ کو خط لکھا تھا کہ وہ اس کی تحقیقات کے لئے کمیشن قائم کرے، ہم نے سات ماہ پہلے اپنے آپ کو احتساب کے لئے پیش کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کا کیس دو سال سے الیکشن کمیشن میں چل رہا ہے اور وہ اس کا جواب دینے سے انکاری ہیں، عمران خان غلط بیانی کرنے کے بعد پھر معافی مانگ لیتے ہیں، پہلے 35 پنکچروں کا الزام لگایا بعد میں کہہ دیا کہ یہ سیاسی بیان تھا، انہوں نے جھوٹ پر مشتمل خبریں عوام کو سنائیں، ان کی وجہ سے چینی صدر کا پاکستان کا دورہ ملتوی ہوا، وہ سیکورٹی رسک ہیں، ان کی حالت قابل رحم ہے۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان دوسروں کی تلاشی کی بات کرتے ہیں اب ان کی تلاشی ہوگی، ہم الیکشن کمیشن میں تمام ثبوتوں کے ساتھ حاضر ہوئے ہیں، عمران خان 22 نومبر کو اس کا جواب دیں، وہ اپنی شکست کا بدلہ پاکستان سے نہ لیں اور مسلم لیگ (ن) دشمنی میں پاکستان دشمنی سے گریز کریں۔ دانیال عزیز نے کہا کہ چند اداکار رام کہانیاں پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، مسلم لیگ (ن) نے سات ماہ قبل خود کو احتساب کے لئے پیش کیا تھا۔

عمران خان بتائیں، انہوں نے خیبر پختونخوا میں احتساب کمیشن کیوں نہیں بننے دیا، چور چور کا شور مچانا چھوڑ دے، ایسا کرنے سے عمران خان بچ نہیں سکیں گے۔ طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان سے جواب مانگا گیا تو انہوں نے تاریخ مانگ لی، انہوں نے کالے دھن سے 300 کنال کا گھر بنی گالا میں خریدا، ہم نے اس کو ثابت کیا ہے اور اب وہ سپریم کورٹ سے بھی بھاگ رہے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات