کھیلوں کے مناسب مواقع کی عدم دستیابی کے باعث تعلیمی اداروں میں ٹیلنٹ ضائع ہورہاہے‘ ضیاء الدین مروت

بدھ 16 نومبر 2016 13:58

پشاور۔16نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مردان ضیاء الدین مروت نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے لیکن کھیلوں کی سرگرمیاں نہ ہونے کی وجہ سے یہ ٹیلنٹ ضائع ہو رہا ہے ‘ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سپورٹس کمپلیکس مردان میں ہائی اور ہائر سکینڈری سکولوں کے زیر اہتمام کھیلوں کے مقابلوں کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر مختلف سکولوں کے پرنسپلز ، محکمہ تعلیم کے افسران اور آواز ڈسٹرکٹ فورم کے صدر فیاض الاسلام بھی موجود تھے۔

تقریب سے ڈپٹی ایجوکیشن آفیسرزاہد محمد، اے ڈی او سپورٹس اجمل خان، فدا محمد خان، اعجاز باچہ اور ٹورنامنٹ کے جنرل سیکرٹری محمد طارق نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ نظم وضبط اپناتے ہوئے انسانیت کی خدمت کرنے سے کامیابی آپ کے قدم چومے گی اور اچھے کردار کی وجہ سے معاشرے میں اعلیٰ مقام حاصل ہوگا‘ انہوں نے طالب علموں کو ہدایت کی کہ دل و دماغ کو صاف رکھتے ہوئے جسمانی نشوؤنما اور صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لئے کھیلوں میں حصہ لیںاور منفی سرگرمیوں سے اجتناب برتیں‘ انہوں نے کہا کہ طلباء اپنی پڑھائی پر بھی خصوصی توجہ مرکوز کریں کیونکہ ترقی یافتہ اقوام کی کامیابی حصول تعلیم پر منحصر ہے ۔