پاکستان مسلم لیگ (ن )کی موجودہ حکومت کے دور میں ملک روز بروز ترقی کر رہا ہے ،ْاحسن اقبال

بدھ 16 نومبر 2016 14:24

پاکستان مسلم لیگ (ن )کی موجودہ حکومت کے دور میں ملک روز بروز ترقی کر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2016ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن )کی موجودہ حکومت کے دور میں ملک روز بروز ترقی کر رہا ہے، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ملک کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا جس سے ملک و قوم خوشحال ہوگی۔ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ پانامہ پیپرز کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے جہاں وکیل استغاثہ بھی موجود ہیں اور وکیل صفائی بھی موجود ہیں اور سپریم کورٹ نے ثبوتوں کی بنا پر آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ کرنا ہے اس لیے اس کا میڈیا ٹرائل نہیں ہونا چاہیے، پی ٹی آئی والوں کی باتوں پہ جائیں تو پھر تو وہ سارے لوگ کرپٹ بھی ہیں ،ْچور بھی ہیں، لٹیرے بھی ہیں بلکہ دنیا جہان کی ہر برائی ان میں موجود ہے جو ان سے اتفاق نہیں رکھتے کیونکہ یہ سب تو دودھ کے دھلے ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ اداروں کو اپنا کام کرنے دینا چاہیے اور اپنی آراء دینے سے گریز کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں ان پر کیس ان کی حکومتی کارکردگی کی بنا پر بنے تاہم اب تو ملکی معیشت روز بروز مستحکم ہو رہی ہے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی ولولہ انگیز قیادت میں ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے اور ملکی معیشت روز بروز مستحکم ہوتی جا رہی ہے جس کا اعتراف عالمی معاشی ادارے بھی کر رہے ہیں، احسن اقبال نے کہا کہ اپوزیشن وزیراعظم محمد نواز شریف کی بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت سے خوفزدہ ہے اور انہیں 2018 ء کے عام انتخابات میں بھی اپنی شکست واضح دکھائی دے رہی ہے اسی لیے وہ منفی سیاست کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :