بلدیہ کوٹلی نے قدیمی نالوں کی صفائی کا آغاز کردیا

سلطانیہ بازار کوٹلی کے بند نالے کو کھولنے کے عمل میں سینٹری ورکرزکی بڑی تعداد شریک ہوئی

بدھ 16 نومبر 2016 14:45

کوٹلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2016ء)بلدیہ کوٹلی نے قدیمی نالوں کی صفائی کا آغاز کردیا، سلطانیہ بازار کوٹلی کے بند نالے کو کھولنے کے عمل میں سینٹری ورکرزکی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ تاجر برادری نے بلدیہ کوٹلی کے اس عمل کو سراہا ہے، صدر انجمن تاجراں سلطانیہ بازار ملک آصف کا کہنا ہے کہ گزشتہ پانچ سالوں کے گند کو صاف کرنے کا یہ فعل قابل ستائش ہے، تاجر برادری سردار عقیل محمود کی شکر گزار ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کوٹلی سردار عقیل محمود نی16نومبر کو بند نالے کھولنے کے لیے خصوصی ٹیم کے ذریعے کام کرنے کے آغاز کا عندیہ دیا تھا جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے گزشتہ روز بلدیہ کوٹلی کے سینٹری انسپکٹر حاجی عدالت کی نگرانی میں سینٹری ورکرز کی بڑی تعداد نے سلطانیہ بازار کے بند نالے کو کھولنے کا آغاز کیا۔

(جاری ہے)

بلدیہ کوٹلی کے سینٹری ورکرز نے نالہ کھولنے کے دوران نکلنے والے گند کو فوری طور پر گاڑی میں لاد کر ٹھکانے لگایا جس سے بند نالہ کھل گیا اور ساتھ ہی سڑک پر گند بھی نہیں پڑا۔

بلدیہ کوٹلی کی اس کارکردگی پر تاجر برادری نے اطمینان کا اظہار کیا، انجمن تاجراں سلطانیہ بازار کے صدر ملک آصف نے میڈیا کو بتایا کہ یقین ہی نہیں آرہا کہ ہمارے شہر کے بند نالوں کو کھولنے کا کام شروع ہوگیا ۔ ماضی میں بہت بار اس اہم مسئلے کی توجہ دلائی گئی مگر کسی ایڈمنسٹریٹر کے کان پر جوں تک نہ رینگی مگر موجودہ ایڈمنسٹریٹر نے تو کہے بار ہی ہمارے دیرینہ مسئلے کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات اُٹھا کر لائق تحسین کام کیا ہے اورہمارے دل جیت لیے جس پر پوری تاجر برادری ان کی شکر گزار ہے۔

ملک آصف کا کہنا تھا کہ محدود وسائل میں اچھا کام کرنے والے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کوٹلی سردار عقیل محمود کو یقین دلاتے ہیں کہ شہر کی تعمیر وترقی اورصحت وصفائی کے عمل میں تاجر برادری ان کے شانہ بشانہ کام کرے گی۔ انجمن تاجراں سلطانیہ بازار کے صدر ملک آصف نے حکومت آزادکشمیر سے بلدیہ کوٹلی کو فنڈز فراہم کرنے کی اپیل کی تاکہ شہر یوں کے مسائل کو جلد از جلد حل کیا جاسکے۔