سینوں پرگولیاں کھانے والوں کی قیمت500 روپے نہیں ہوسکتی‘انجیئر عبدالرشید

بدھ 16 نومبر 2016 15:13

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2016ء) مقبوضہ کشمیرمیں نام نہاد اسمبلی کے رکن اور عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر عبدالرشید نے بھارتی وزیر دفاع کے اس بیان کہ پانچ سو اور ہزار روپیہ کے نوٹوں کی منسوخی کی وجہ سے کشمیر میں پتھر ائوں میں کمی آئی ے کو مضحکہ خیز قراردیتے ہوئے کہاہے کہ اپنی حق پر مبنی جدوجہدآزادی کیلئے بے مثال قربانیاں پیش کرنے والے کشمیری عوام کی قیمت پانچ سو یا ہزا ر روپے نہیں ہو سکتی ۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انجینئر رشید نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارتی وزیر دفاع اس طرح کے بیانات سے ہندوستان اور بیرون دنیا کے لوگوں کو گمراہ نہیںکر سکتے ہیں اور نہ ہی جموں و کشمیر میں جاری عوامی انتفادہ کو بدنام کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کون نہیں جانتا کہ جموں و کشمیر میں 1947سے لیکر آج تک جو کچھ بھی ہو رہا ہے وہ ستر سال سے جاری بھارت کی وعدہ خلافیوں کا نتیجہ ہے۔

انہوںنے کہاکہ بھارتی وزیر دفاع کو معلوم ہونا چاہیے کہ رات دن سڑکوں پر رائے شماری کا مطالبہ کرنے والے اور سینوں پر گولیاں کھانے والوں کی قیمت ہرگز500 روپیہ نہیں ہو سکتی۔انجینئر رشید نے کہا کہ اگر واقعی کشمیری نوجون پانچ سو روپیہ لیکر پتھرائو کرتے ہیں تو پوچھا جا سکتا ہے کہ بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سمیت تمام بھارتی لیڈرحریت قیادت سے مذاکرات کی بھیک مانگ رہے تھے اور بی جے پی کے وزیر رام مادھو نے کیوں کشمیریوں کو امن کے عوض چاند تارے تک دینے کا وعدہ کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :