پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے، کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، مسئلہ کشمیر کا سنجیدگی سے حل ضروری ہے، سی پیک پاکستان اور چین کے بہترین تعاون کا مظہر ہے

وزیراعظم محمد نواز شریف کا پاک فوج اور پاک فضائیہ کی مشترکہ فوجی مشقوں کے موقع پر تقریب سے خطاب

بدھ 16 نومبر 2016 15:23

پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے، کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ..
خیرپور ٹامیوالی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے، کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، مسئلہ کشمیر کا سنجیدگی سے حل ضروری ہے،سی پیک پاکستان اور چین کے بہترین تعاون کا مظہر ہے۔ بدھ کو یہاں پاک فوج اور پاک فضائیہ کی مشترکہ فوجی مشقوں کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فوجی مشقیں اس بات کا مظہر ہیں کہ مسلح افواج کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔

وزیراعظم نے کہا فوجی مشقوں کو دیکھ کر بڑی خوشی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب دہشت گردی کے خلاف دنیا کا سب سے زیادہ موثر آپریشن ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، آپریشن ضرب عضب کے باعث حکومت کی رٹ بحال ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ دشمن پاکستان میں ترقی کا عمل نہیں دیکھنا چاہتا اور دہشت گرد ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ امر قابل افسوس ہے کہ جنوبی ایشیاء تنازعات میں گھرا ہوا ہے اور مسئلہ کشمیر کا سنجیدگی سے حل ضروری ہے، مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے ، فائر بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی تشویشناک ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے، ملک کی درجہ بندی میں اضافہ ہوا ہے اور عالمی ادارے پاکستان کی معاشی ترقی کا اعتراف کر رہے ہیں،ہماری مسلح افواج اپنی استعداد کار کے باعث دنیا کی بہترین افواج میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم دوسرے ممالک کے معاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ مکمل طور پر فعال ہونے جا رہا ہے، سی پیک پاکستان اور چین کے بہترین تعاون کا مظہر ہے، سی پیک کے تحت تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور اس کے تحت گوادر بندرگاہ سے پہلا تجارتی بحری جہاز روانہ ہوا ہے۔