ایل او سی پر بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جا رہا ہے ، پاکستان کے 20 کروڑ عوام ان نازک حالات میں اپنے کشمیری بہنوں اور بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں

وزیراعظم محمد نواز شریف آزاد کشمیر میں انفراسٹرکچر کی تعمیر، تعلیم، صحت اور سیاست کے شعبوں میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں وفاقی وزیر برائے امورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر کی آزاد کشمیر کے وزیر مواصلات و تعمیرات عامہ چوہدری محمد عزیز سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 16 نومبر 2016 16:31

ایل او سی پر بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جا رہا ہے ، پاکستان کے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) وفاقی وزیر برائے امورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ ایل او سی پر بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جا رہا ہے اور پاکستان کے 20 کروڑ عوام ان نازک حالات میں اپنے کشمیری بہنوں اور بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو آزاد کشمیر کے وزیر مواصلات و تعمیرات عامہ چوہدری محمد عزیز سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے یہاں ان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں آزاد کشمیر کی مجموعی سکیورٹی صورتحال اور ترقیاتی منصوبے زیر غور آئے۔ ایل او سی پر صورتحال کے حوالہ سے وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاقی حکومت ایل او سی پر کشیدہ حالات کا لمحہ بالمحہ جائزہ لے رہی ہے اور اسی سلسلہ میں انہوں نے گزشتہ روز حالات کا جائزہ لینے کیلئے آزاد کشمیر کے وزیراعظم سے مظفر آباد میں ملاقات کی اور ایل او سی پر رہنے والے کشمیری بھائیوں کی حفاظت کیلئے ہر ممکن اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ مل کر ایل او سی پر رہنے والے رہائشیوںکی حفاظت کے لیے ایک مربوط منصوبے پر کام کر رہی ہے جس پر جلد کام شروع کر دیا جائے گا۔ ملاقات میں ایل او سی پر بھارتی جارحیت اور بلااشتعال فائرنگ کی بھرپور مذمت کی گئی اور عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ بھارت کے جنگی جنون کا فورا نوٹس لے کر خطہ میں کسی بھی خطرناک تصادم کے حالات سے بچانے کیلئے عملی اقدامات کرے۔

اس موقع پراس عزم کا بھی اعادہ بھی کیا گیا کہ بھارتی جارحیت اور اوچھے ہتھکنڈوں سے مرعوب ہوئے بغیر مقبوضہ کشمیر کے عوام کی پرامن تحریک آزادی کی تمام تر اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رہے گی۔ ملاقات میںآزادکشمیر کے متعدد ترقیاتی منصوبے بھی زیر غور آئے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاقی حکومت آزادکشمیر حکومت کے ساتھ مل کر آزادکشمیر میں ایک مضبوط اور دیر پا انفراسڑکچر کی بنیاد رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف آزاد کشمیر میں انفراسٹرکچر کی تعمیر، تعلیم، صحت اور سیاست کے شعبوں میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ وزیراعظم نے خصوصی ہدایات جاری کر رکھی ہیں کہ آزادکشمیر میں شاہرات کی ڈیزائنگ اور تعمیر میں وہاں کے موسمی حالات اور قدرتی آفات کو خصوصی طورپر مدنظر رکھیں تاکہ آزاد کشمیر میں تمام موسموں میں قابل استعمال مضبوط اور دیر پا انفرسٹرکچر کی داغ بیل ڈالی جا سکے۔

آزادحکومت کے وزیر مواصلات نے اس موقع پر اس ضمن میں اُن کی حکومت کی جانب سے کی جانے والی کوششوں سے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر نے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر اور ان کی ٹیم کی جانب سے لوگوں کے مسائل حل کرنے اور آزادکشمیر میں ایک شفاف حکومت قائم کرنے پر اُن کو اور اُن کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا اور اس اُمید کا بھی اظہار کیا کہ آزاد حکومت محمد نواز شریف کے وژن کو عملی طور پر نافذ کرنے میں اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔