رحیم یا ر خان میں محکمہ صحت پر خصوصی توجہ دے جارہی ہے‘مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں،ڈی سی او

بدھ 16 نومبر 2016 16:48

رحیم یارخان۔16 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء)ڈی سی ا و رحیم یار خان کیپٹن(ر)محمد ظفر اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ محکمہ صحت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو ادویات کی مفت فراہمی سمیت ایمرجنسی وارڈز میں مکمل طور پر ادویات ہسپتال سے فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ ہسپتالوں میں صفائی و انتظامی امور بہتر بنانے کے لئے ذاتی طور پر سرپرائز وزٹ کئے جا رہے ہیں اور اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ تسلسل کے ساتھ ہسپتالوں کا دورہ کریں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں صفائی و انتظامی امور کی بہتری کے لئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کا تربیتی سیشن کرانے کی تجویز زیر غور ہے تاکہ ہسپتالوں میں مریضوں اور ان کے ورثاء کو صاف ستھرا خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے،انہوں نے کہا کہ ضلع بھر کے تمام ہسپتالوں میں ڈاکٹرز ، پیرا میڈیکل سٹاف اور کلاس فور ملازمین کو یونیفارمز کی پابندی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے اور اس سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ نے خصوصی فنڈز مختص کر کے عملی اقدامات اٹھائے ہیں تاکہ ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور اس سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ کے فنڈز سے تحصیل ہیڈ کواٹرز ہسپتال، رورل ہیلتھ سینٹر اور بنیادی مراکز صحت پر تعمیر و مرمت کا کام تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے،انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے ایم ایس کو اختیارات کی منتقلی اور فنڈز کے شفاف استعمال کے لئے ہیلتھ کمیٹیوں کی فعالیت اور فنڈز کے بہتر استعمال کے لئے بھی کر دار ادا کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اختیارات کی منتقلی سے ایم ایس کو ہسپتالوں کے نظم و نسق بہتر کرنے میں مدد حاصل ہو گی اور اس سلسلہ میں انہیں واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ہسپتالوں میں مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی میں کوئی عذر قابل قبول نہ ہو گا اور اپنی ذمہ داریوں کا احساس نہ کرنے والے ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل سٹاف کے خلاف ایم ایس بلا تفریق کارروائی کریں۔اجلاس میں ای ڈی ا وہیلتھ ڈاکٹر مخدوم بشارت حسین ہاشمی، ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر حسن خان، ایم ایس شیخ زید ہسپتال ڈاکٹر تسنیم کامران سمیت تمام تحصیل ہسپتالوں کے ایم ایس بھی موجو دتھے جنہوں نے اپنے اپنے ہسپتالوں کی کارکردگی اور درپیش مسائل اور فنڈز کے استعمال بارے بریفنگ دی۔