نوجوان نسل کو اعلیٰ تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کیے بغیر ملکی ترقی ممکن نہیں، ملک ندیم کامران

بدھ 16 نومبر 2016 16:50

چیچہ وطنی۔16 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) صوبائی وزیر زکوٰة و عشر ملک ندیم کامران نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو اعلیٰ تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کیے بغیر ملکی ترقی ممکن نہیں،پنجاب حکومت دور دراز علاقوں میں نئے کالجز کے قیام کو خصوصی اہمیت دے رہی ہے تا کہ نوجوان طلباء و طالبات اپنے گھروں کے قریب تعلیم مکمل کر سکیں جس سے نہ صرف انہیں بہتر روزگار میسر آئے گا بلکہ ان علاقوں میں بھی ترقی کا نیا دور شروع ہو گا،انہوں نے یہ بات گورنمنٹ گرلز کالج فرید ٹائون میں کلاسز کے اجراء کی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ،تقریب میں ڈائریکٹر کالجز قاضی عبدالناصر ،چیئر مین تعلیمی بورڈ ڈاکٹر انوار احمد ، کنٹرولر تعلیمی بورڈ طاہر حسین جعفری اور ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز بلال اشرف کے علاوہ پرنسپل مسز صلوت مقبول اور طالبا ت کی کثیر تعداد بھی موجود تھی،گرلز کالج 9 کروڑ روپے سے زائد کی خطیر رقم سے تعمیر کیا گیا ہے جس میں کلاسز کے اجراء سے شہر کے واحد کالج پر طالبات کا بوجھ کم کرنے میں بڑی مدد ملے گی ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ ان کے سیاسی کیریئر میں ساہیوال میڈیکل کالج اور گرلز کالج کا افتتاح دو انتہائی اہم اور یادگار لمحات ہیں کیونکہ ان کی اولین ترجیح تعلیم کا فروغ ہی ہے،انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کو بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی پر خطیر رقم خرچ کر رہی ہے تا کہ عوام کا معیار زندگی بہتر ہو سکے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر کالجز قاضی عبدالناصر نے بتایا کہ ساہیوال ڈویژن میں 4 نئے کالجز قائم کیے گئے ہیں تا کہ طلباء و طالبات کی بڑھتی ہوئی تعداد کو معیاری تعلیمی سہولیات فراہم کی جا سکیں ۔

متعلقہ عنوان :