قومی ٹیم گزشتہ 27 برسوں سے نیوزی لینڈ کے خلاف مسلسل 12 ٹیسٹ سیریز میں ناقابل شکست

بدھ 16 نومبر 2016 16:52

قومی ٹیم گزشتہ 27 برسوں سے نیوزی لینڈ کے خلاف مسلسل 12 ٹیسٹ سیریز میں ..

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) پاکستانی کرکٹ ٹیم گزشتہ 27 برسوں سے نیوزی لینڈ کے خلاف مسلسل 12 ٹیسٹ سیریز میں ناقابل شکست ہے۔ 1989ء سے 2014ء تک دونوں ٹیموں کے درمیان 12 سیریز کھیلی گئیں جن میں گرین شرٹس کا پلڑا بھاری رہا، گرین شرٹس نے بارہ میں سے سات سیریز اپنے نام کیں جبکہ پانچ ڈرا کھیلیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 1955ء سے اب تک مجموعی طور پر 21 ٹیسٹ سیریز کھیلی جا چکی ہیں جن میں گرین شرٹس چھائی رہی، پاکستانی ٹیم 13 سیریز میں فتح یاب رہی جبکہ کیویز ٹیم صرف دو سیریز ہی جیت سکی اور چھ سیریز ڈرا ہوئیں۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم 31 برسوں سے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی کی تلاش میں ہے، اس نے آخری بار 1985ء میں پاکستان کے خلاف سیریز جیتی تھی۔ پاکستان کا نیوزی لینڈ کے خلاف اس کی سرزمین پر جیت اور ہار کا تناسب باقی سب مخالف ٹیموں سے بہتر ہے، گرین شرٹس کو آخری بار 1985ء میں کیویز کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اس کے بعد پاکستانی ٹیم نے نیوزی لینڈ کی سرزمین پر پانچ سیریز جیتیں اور تین ڈرا کھیلیں۔