آزمائے سیاستدانوں کو دوبارہ ایوانوں کیلئے چننا عوام کا اپنا فیصلہ ہوتا ہے ،خمیازہ ملک کو بھگتنا پڑتا ہے

نوجوان نسل ہر اُس شخص کا احتساب ضرور کرے جو اُن کے ووٹوں سے مسند اقدار کا اہل قرار پایا،ممبر بلوچستان اسمبلی منظور کاکڑ ،ا یڈیشنل ڈائر یکٹر نیب بلوچستان فیصل قریشی کا تقریب سے خطاب

بدھ 16 نومبر 2016 16:54

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2016ء) ممبر صوبائی اسمبلی منظور کاکڑ نے عوام کے حق رائے دہی کے غلط استعمال کو کرپشن کی بنیادی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آزمائے ہوئے سیاستدانوں کو دوبارہ اسمبلی کے ایوانوں کے لئے چننا عوام کا اپنا فیصلہ ہوتا ہے جس کا خمیازہ ملک کو بھگتنا پڑتا ہے۔عوام بالخصوص نوجوان نسل ہر اُس شخص کا احتساب کرے، جو اُن کے ووٹوں سے مسند اقدار کا اہل قرار پایا ، ہمیں وہ جرات پیدا کرنا ہو گی جس سے سب کا یکساں احتساب کیا جا سکے۔

وہ نیب بلوچستان کے زیر اہتمام جامعات کے مابین تقریری مقابلوں کی یونیورسٹی آف بلوچستان میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ایڈیشنل ڈائر یکٹر نیب بلوچستان فیصل قریشی ، ڈین فائن آرٹس ڈیپارٹمنٹ پروفیسر اکرم دوست بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

ایم پی اے منظور کاکڑ نے نوجوان نسل کی حق رائے دہی کے غلط استعمال کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کرپشن کے فروغ میں نوجوان نسل بھی برابر کی قصور وار ہے۔

بار بار آزمائے ہوئے لوگوں کا دوبارہ ایوان میں آنے کا مقصد میرے نزدیک صرف پیٹ پرستی ہے۔انھوں نے بلا امتیاز احتساب کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ہمیں اپنے اندر وہ جرات پیدا کرنا ہو گی جس کے تحت تمام اداروں کا احتساب کیا جا سکے۔ انھوں نے کہا مثبت تنقید جمہوریت کا حسن ہے یہی وجہ ہے کہ انھوں نے حکومت میں رہ کر بھی حکومتی اقدامات پر تنقید صرف اس وجہ سے کی ہے کہ وہ سمجھتے ہیں کہ وہ مقدس ایوان میں عوام کی آواز ہیں۔

انھوں نے طلباء کی جانب سے موجودہ حکومت پر تنقید کا حوالہ دیتے ہوئے وضاحت کی گزشتہ 5دہائیوں کے گو نا گوں مسائل کی وجہ سے حکومت 100 فیصد حکمرانی کا حق ادا نہیں کر سکی، تاہم امن و امان سمیت مختلف محاز وں پر 60فیصد کامیابی کا سہراموجودہ حکومت کو ضرور جاتا ہے۔قبل ازیں آڈیشنل ڈائریکٹر نیب بلوچستان فیصل قریشی نے قومی احتساب بیورو کی آگاہی مہم کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالتے کہا کہ نیب کرپشن کے تدارک کیلئے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنا معاون بنا کر بد عنوانی سے پاک معاشرے کے قیام کے لئے کوشاں ہے۔

انھوں نے کردار کی بلندی پانے کے لئے برائی سے انکار کولازم و ملزم قرار دیتے ہوئے کہا کہ با کردار شخصیت کے قالب میں ڈھلنے کے لئے برائی سے انکار کی قوت و جرات پیدا کرنا ہو گی۔انھوں نے نوجوان نسل کے ساتھ کو احتساب بیورو کی آگاہی مہم کا خاصہ اور اساس قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیب کرپشن کے تدارک کیلئے نوجوان نسل کی مدد سے آگاہی کی شمع فروزاںکرنا چاہتا ہے۔ آگاہی کے دیپ طلباء کے ہاتھ میں آنے سے معاشرہ علم و آگاہی اور دیانت کی روشنی سے منور ہو جائے گا۔ایم پی اے منظور کاکڑ نے اس موقع پر پہلی ، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کیلئے بالترتیب 50000، 25000، اور 15000 روپے نقد کا اعلان کیا۔قبل ازیں کامیاب طلباء میں انعامات تقسیم کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :