ظہیر عباس نے سپورٹس بورڈ پنجاب کی پہلی وومن کرکٹ کوچنگ اکیڈمی کا افتتاح کردیا

کنیئرڈ کالج لاہورمیں خواتین کھلاڑیوں کوکوالیفائیڈ کوچز تربیت دیں گے، ملک میں خواتین کیلئے مزید اکیڈمیز بنانے کی ضرورت ہے ڈی جی سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن کی کاوشوں سے سپورٹس کا کلچر فروغ پا رہا ہے‘ ہیڈ آف کرکٹ اکیڈمیز ایس بی پی کی افتتاحی تقریب میں میڈیا سے گفتگو

بدھ 16 نومبر 2016 16:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2016ء) ہیڈ آف کرکٹ کوچنگ اکیڈمیز ایس بی پی ظہیر عباس نے سپورٹس بورڈ پنجاب کی تیسری اور خواتین کی پہلی کرکٹ کوچنگ اکیڈمی کا افتتاح کردیا ۔اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس محمد انیس شیخ، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن طارق وٹو، پرنسپل کنیئرڈ کالج رخسانہ ڈیوڈ اور کھلاڑیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ہیڈ آف کرکٹ اکیڈمیز ایس بی پی ظہیر عباس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وومن کرکٹ اکیڈمی کا کنیئرڈ کالج میں قیام ایک انقلابی قدم ہے جس سے خواتین کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ کو سامنے لانے میں مدد ملے گی ملک میں خواتین کی مزید کرکٹ اکیڈمیز بنانے کی ضرورت ہے۔

سپورٹس بورڈ پنجاب وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق صوبہ بھر میں سپورٹس کے فروغ کیلئے بھرپور اقدامات کررہا ہے۔

(جاری ہے)

کرکٹ کوچنگ اکیڈمیز کا قیام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ اکیڈمیز کا قیام ملک بھر میں سپورٹس کی ترقی کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن کی کاوشوں سے صوبہ بھر میں سپورٹس کا کلچر فروغ پا اور نیا ٹیلنٹ سامنے آرہا ہے جس سے امید کی جاسکتی ہے سپورٹس کا مستقبل روشن ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ظہیر عباس نے کہا کہ کرکٹ کوچنگ اکیڈمیز میں کھلاڑیو ں کو جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرانے کے علاوہ کمیونیکیشن کو بہتر بنانے کی تربیت بھی دیں گے تاکہ جب ہمارے کھلاڑی بین الاقوامی ٹائیٹل جیتیں تو ان کو بات چیت کرنے میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے، اکیڈمیز میں کوالیفائیڈ کوچز کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تربیت دیں گے۔

اس موقع پر کھلاڑیوں کا ظہیر عباس سے تعارف بھی کرایا گیا۔واضح رہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب راولپنڈی، سیالکوٹ میں لڑکوں کی اور کنیئرڈ کالج لاہور میں لڑکیوں کی پہلی کرکٹ کوچنگ اکیڈمی کا افتتا ح کردیا گیا ہے۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن اور ہیڈ آف کرکٹ اکیڈمیز ایس بی پی ظہیر عباس جلد ملتان میں چوتھی کرکٹ کوچنگ اکیڈمی کا افتتاح کرینگے۔

متعلقہ عنوان :