Live Updates

پاکستان کو بدلنے کیلئے بڑے فیصلے کرنا ہوں گے،ملک کے ادارے اور عدلیہ مکمل آزاد ہو گی تو کرپشن ختم ہو جائے گی ،ہم نیب سمیت دیگر اداروں کو ٹھیک کر رہے ہیں ،کرپشن کے خاتمے کے لیے کوشش کرتے رہیں گے، لیڈر وہ ہی ہوتا ہے کہ حق اور سچ بولتا ہے ،وہ سچ نہیں جو نواز شریف سپریم کورٹ میں بول رہے ہیں،ہمیں سب سے پہلے اپنے آپ کو بدلنا ہوگا، ادارے مضبوط کرنے سے ہی کرپشن کے کینسر سے نجات مل سکتی ہے

تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کا انصاف سٹوڈنٹ فیڈریشن کے کنونشن سے خطاب

بدھ 16 نومبر 2016 17:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 نومبر2016ء) تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو بدلنے کیلئے بڑے فیصلے کرنا ہوں گے،ملک کے ادارے اور عدلیہ مکمل آزاد ہوگی تو کرپشن ختم ہوگی ،ہم نیب سمیت دیگر اداروں کو ٹھیک کر رہے ہیں ،کرپشن کے خاتمے کے لیے کوشش کرتے رہیں گے، لیڈر وہ ہی ہوتا ہے کہ حق اور سچ بولتا ہے ،وہ سچ نہیں جو نواز شریف سپریم کورٹ میں بول رہے ہیں۔

بدھ کو اسلام آباد میں تحریک انصاف کے سٹوڈنٹ ونگ انصاف سٹوڈنٹ فیڈریشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو عظیم ملک تب ہی بنا یا جا سکتا ہے جب سب لوگ سچ بولنا شروع کردیں ،یہ خصوصیت چھوٹے انسان کو بڑا بناتی ہے۔انہوں نے کہا کہ لیڈر وہ ہی ہوتا ہے کہ حق اور سچ بولتا ہے ،وہ سچ نہیں جو نواز شریف سپریم کورٹ میں بول رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ انسانوں پر پیسا خرچ کرنے اور اداروں کی مضبوطی ترقی کی علامت ہے،ملک کے ادارے اور عدلیہ مکمل آزاد ہو گی تو کرپشن ختم ہو گی۔

عمران خان نے کہا کہ تعلیم یافتہ معاشرہ ہی عظیم کہلاتا ہے ، خیبر پختونخواہ میں سب سے زیادہ توجہ تعلیم پر دی جا رہی ہے۔انھوںنے کہاکہ ہمیں سب سے پہلے اپنے آپ کو بدلنا ہوگا۔ سچ بولنا، خوف پر قابو پانا، اپنی میں پر قابو رکھنا اور اچھا کردار ایسی چار خصوصیات ہیں جو کسی بھی انسان کو بڑا بنا دیتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انسان کو سچ بولنا چاہیے۔

انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے پاکستان کو عظیم ملک بنانا ہے۔ کامیاب معاشرہ اپنے ادارے مضبوط کرتا ہے۔ ادارے مضبوط کرنے سے ہی کرپشن کے کینسر سے نجات مل سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانوں میں انصاف کرنے والا ہی عزت پاتا ہے۔ پاکستان میں تبدیلی لانے کیلئے ہمیں اداروں کو مضبوط اور بڑے فیصلے کرنا ہونگے۔تحریک انصاف کے کنونشن کے دوران بد نظمی بھی دیکھنے میں آئی اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں اسٹیج پر چڑھنے کے لیے دھکم پیل شروع ہو گئی۔جس پر عمران خان نے کارکنوں کو منظم کرنے کے لیے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نیچے بیٹھ جائو ۔بد نظمی کی صورتحال دیکھتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ایک دن آئے گا کہ پارٹی میں نظم و ضبط ہو گا ،ابھی تو نظر نہیں آرہا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات