ہزارہ ڈویژن میں طویل خشک سالی سے فصلیں تباہ اور بیماریوں میں اضافہ

بدھ 16 نومبر 2016 17:52

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) ایبٹ آباد سمیت ہزارہ ڈویژن کے تمام اضلاع میں شدید اور طویل خشک سالی کے باعث فصلیں تباہ ہو کر رہ گئیں، شجرکاری شدید متاثر ہونے سمیت موسمی بیماریوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

ایبٹ آباد اور گردونواح میں طویل عرصہ سے بارشیں نہ ہونے کے باعث طویل خشک سالی سے کسانوں کی فصلیں تباہ ہو کر رہ گئی ہیں جبکہ محکمہ جنگلات کی طرف سے بلین ٹری پراجیکٹ کے تحت کی گئی کامیاب شجرکاری بھی شدید متاثر ہو رہی ہے، اگر مزید چند دن تک بارشیں نہ ہوئیں تو فصلوں سمیت نئی ہونے والی شجرکاری تباہ ہو کر رہ جائے گی۔

ہزارہ ڈویژن سمیت ملک بھر میں جاری شدید خشک سالی کے باعث ہر طرف گردوغبار کے باعث بیماریوں میں اضافہ ہو گیا ہے، بخار سمیت نزلہ، زکام اور دمہ کے مریض آئے روز سینکڑوں کی تعداد میں ہسپتالوں کا رخ کر رہے ہیں۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ایسی صورتحال میں لوگوں کو کھلے میدانوں میں نکل کر نماز استسقاء ادا کرنی چاہئے تاکہ الله پاک رحمت کی بارش نصیب کرے۔